اسٹاک ہوم : 8 اکٹوبر ( یو این آئی) اس سال کے طبیعیات کے نوبل ایوارڈ کا اعلان تین سائنسدانوں جان کلارک ، مشیل ڈیوور اور جان ایم مارٹینس کیلئے کیا گیاہے ۔ تینوں سائنسدان امریکہ کی کیلیفورنیا یونیورسٹی میں کام کررہے ہیں ۔ رائل سویڈش اکیڈیمی آف سائنسز نے اسٹاک ہوم میں اس بات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تینوں سائنسدانوں کو اس سال کا انعام ایک الکٹرک سرکٹ میں میکرو اسکوپک کوانٹم مکینکل ٹنلنگ اور انرجی کوانٹائزیشن کی دریافت کیلئے دیا جارہا ہے ۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ جان کلاک نے 1968 میں کیمبرج یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ۔ مشیل ایچ ڈیوور1982 میں پیرس یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کرنے کے بعد ییل یونیورسٹی اور کیلیفورنیا یونیورسٹی امریکہ میں پڑھاتے رہے ہیں ۔جان ایم مارٹنیس نے 1987 میں یونیورسٹی آف کیلیفورنیا سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ۔