یاونڈے: جنگ زدہ کیمرون کے انگریزی آبادی والے شمال مغربی علاقے میں ہونے والی جھڑپوں میں کم از کم نو علیحدگی پسند جنگجو مارے گئے ۔مقامی سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہفتے کے روز علیحدگی پسند جنگجوؤں نے علاقے میں ایک فوجی چوکی پر حملہ کرنے کی کوشش کی، لیکن فوجیوں نے حملہ کو پسپا کر دیا۔ فوج کی کارروائی میں ان میں سے چار ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ، جبکہ ایک فوجی اہلکار بھی زخمی ہوا ہے ۔ایک فوجی اہلکار کے مطابق، جمعہ کے روز، سکیورٹی فورسز نے علاقے میں علیحدگی پسند جنگجوؤں کے گروپ پر گھات لگا کر حملہ کیا، جس میں ان میں سے پانچ مارے گئے ۔علیحدگی پسند لیڈروں نے سوشل میڈیا پر کہا کہ فوج کے ہاتھوں مارے جانے والوں میں ایک کمانڈر بھی شامل ہے اور انہوں نے جوابی کارروائی کا عزم کیا ہے ۔مقامی پولیس کی رپورٹوں کے مطابق، کیمرون کی فوج جنوری سے خطے میں علیحدگی پسندوں کے خلاف اپنی کارروائی کو تیز کر رہی ہے ، اور زیادہ تر علیحدگی پسندوں کے ٹھکانوں پر چھاپے مار کر انہیں ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔واضح رہے کہ کیمرون میں 2017 سے ، حکومتی افواج کی مسلح علیحدگی پسند قوتوں کے خلاف برسرپیکار ہیں جو شمال مغربی اور جنوب مغرب کے دو انگریزی آبادی والے علاقوں کو فرانسیسی بولنے والے اکثریتی قوم سے الگ کرکے نیا ملک بنانے کے لیے لڑ رہی ہیں۔