یاؤنڈے 12جولائی (یو این آئی) کیمرون میں 12 اکتوبر کو صدارتی انتخابات کرانے کا اعلان کیا گیا ہے ۔یہ اطلاع صدر پال بیا کے دستخط شدہ حکم نامہ میں دی گئی ہیںجس کے مطابق صدارتی انتخاب کے لیے ووٹنگ مقامی وقت کے مطابق صبح 8بجے شروع ہوکر شام 6بجے ختم ہوگی۔الیکشن مینجمنٹ ایجنسی الیکشن کیمرون کے مطابق امیدواروں کو 21 جولائی تک اپنی درخواستیں جمع کرانی ہوں گی۔ منظور شدہ امیدواروں کی حتمی فہرست 11 اگست سے پہلے جاری کر دی جائے گی۔سرکاری انتخابی مہم 27 ستمبر سے 11 اکتوبر تک چلے گی۔واضح رہے کہ اس بارکا انتخاب صدر پال بیا کے لیے آسان نہیں ہو گا کیونکہ ان کے دو قریبی ساتھی اس بار ان کے خلاف الیکشن میدان میں اتر کر ان کے لئے مسئلہ پیدا کر سکتے ہیں۔ حال ہی میں دونوں ساتھیوں نے ان کی حکومت سے استعفیٰ دے دیا ہے اور اکتوبر میں ہونے والے انتخابات میں اپنی امیدواری کا اعلان کیا ہے ۔