یوم خواتین کے سلسلہ میں سلامہ کا صحت بیداری پروگرام
حیدرآباد ۔ 7 مارچ (راست) سلامہ ہاسپٹل حیدرآباد کی جانب سے یوم خواتین کے موقع پر خواتین کیلئے فری ہیلت کیمپ 10 مارچ تک روزانہ صبح 10 تا ایک بجے دن تک جاری رہے گا۔ 7 مارچ کو جی ایم گارڈن نانل نگر پر خصوصی صحت بیداری پروگرام منعقد ہوا۔ اس پروگرام میں پروفیسر زبیدہ عظیم ریٹائرڈ پرنسپل ویمن کالج نے غذا اور غذائیت پر خطاب کیا۔ خون کی کمی انیمیا اور چکنی غذاؤں کے نقصانات اور فاسٹ فوڈ کے صحت پر مضر اثرات سے واقف کروایا۔ ہارمون و اسکن اسپیشلسٹ ڈاکٹر فردوس نے جلد کی دیکھ بھال اور ہارمونس کے جسم کے مختلف اعضاء پر اثرات پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر گیتا ناگشری کینسر اسپیشلسٹ آنکالوجسٹ نے پاور پائنٹ کے ذریعہ چھاتی، رحم، Uterus اور Ovary کے کینسرس کے بارے میں تفصیل سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اکثر اپنے علاج کو لیکر لاپرواہ ہوتی ہیں۔ 40 سال کی عمر کے بعد ہر سال میموگرافی اور الٹرا ساونڈ اسکان کروانا ضروری ہے۔ 25 سال سے زیادہ عمر والی خواتین ہر تین سال میں ایک بار پاپ اسمیر کروائیں۔ اگر کہیں کوئی گٹلی یا گڈا محسوس ہو تو بلاتاخیر ماہر ڈاکٹر سے رجوع ہوں۔ ابتداء میں تشخیص سے ہم کینسر سے بچ سکتے ہیں۔ انہوں نے عوام سے خواہش کی کہ جس طرح ہم لباس اور زیور کو اہمیت دیتے ہیں، اسی طرح جسم کے اندرونی نظام میں تبدیلیوں کو محسوس کرکے فوری علاج کروائیں۔ ڈاکٹر عرفانہ نے کورونا وائرس اور احتیاطی تدابیر پر مخاطب کیا۔ اس پروگرام میں ڈاکٹر نوشینہ ارنب، ڈاکٹر ندھی، ڈاکٹر پدماوتی کپیلا، ڈاکٹر تسنیم احمد، ڈاکٹر ارجمند سلطانہ، ڈاکٹر نومی انجم، محترمہ خالدہ پروین نے بھی مہمانان اعزازی کی حیثیت سے شرکت کی۔ سلامہ ہاسپٹل کے قیام اور خدمات پر ڈاکٹر زہرہ طیبہ نے روشنی ڈالی۔ مسلمات ٹرسٹ کے ٹرسٹیز پروفیسر رفیق، محی الدین، ڈاکٹر صابرہ اعجاز، محترمہ تہنیت، اطہر موجود تھے۔ ڈاکٹر اسماء غوث اور ڈاکٹر سعدیہ نے یوم خواتین کے موقع پر سلامہ ہاسپٹل کی خدمات پر روشنی ڈالی اور شکریہ ادا کیا۔