کینسر کے بعد کرکٹ سے دور رہنا کھلاڑی کے لئے مشکل : یوراج

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی ۔5 فروری ( سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹیم کو سال 2011 کا آئی سی سی ورلڈکپ جتانے کا سہرا سابق آل راؤنڈر یوراج سنگھ کو جاتا ہے۔ بولنگ اوربیٹنگ سے اپنی زبردست کارکردگی کی بدولت یوراج سنگھ کو مین آف دی ٹورنمنٹ کا خطاب دیا گیا تھا۔ ہندوستان کی تاریخی جیت کے بعد ہی یوراج سنگھ نے انکشاف کیا تھا کہ انہیں کینسر ہے۔ اسی کے بعد سے انہوں نے امریکہ میں علاج کروانا شروع کردیا تھا۔ یوراج سنگھ نے گزشتہ سال ہی بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہہ دیا ۔ اس کے بعد انہوں نے پوری دنیا میں کئی ٹی 20 لیگ میں حصہ لیا۔ یوراج سنگھ نے پاکستان کے سابق آل راؤنڈر شاہد آفریدی کے یوٹیوب چینل پرکہا کہ کینسر کے سبب کھیل سے دور رہنا کسی کھلاڑی کے لئے کتنا مشکل تجربہ ہوتا ہے۔ یوراج سنگھ نے کہا مجھے اب بھی یاد ہے جب میں علاج کے لئے امریکہ میں تھا، تب ٹوئٹر نیا نیاتھا میں نے اپنے علاج سے متعلق کچھ پوسٹ کیں تو پاکستانی عوام نے میرے لئے خوب دعائیں کیں۔ یوراج سنگھ جب اپنے کیریئر کے عروج پرتھے تبھی انہیں کینسر ہونے کا پتہ چلا۔ باوجود اس کے انہوں نے ٹیم کو سال 2011 کا ورلڈکپ جتوایا۔ اتنا ہی نہیں یوراج سنگھ نے کبھی ہار نہ ماننے کا جذبہ دکھایا اورکینسرکے بعد بھی کرکٹ کے میدان پر واپسی کرنے میں کامیاب رہے۔ یوراج سنگھ کا امریکہ میں کامیاب علاج ہوا۔ بعد ازاں ٹیم میں حصہ لینے کے لئے سخت مقابلہ اورفارم میں نہ ہونے کے سبب یوراج سنگھ پلیئنگ الیون کے لئے پہلی پسند نہیں رہے۔ یوراج سنگھ نے اپنا آخری بین الاقوامی میچ سال 2017 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلا تھا۔ اس کے بعد یویو ٹسٹ میں ناکام ہونے کے بعد وہ ٹیم میں جگہ نہیں بنا سکے۔ یوراج سنگھ نے جولائی 2018 میں بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہا ۔ اس کے بعد انہوں نے گلوبل کناڈا ٹی 20 لیگ اور ابوظہبی ٹی 20 لیگ میں حصہ لیا تھا۔یادرہے کہ یوراج سنگھ اب 8 فروری کو آسٹریلیا میں ایک چاریٹی مقابلہ کھیلیں گے۔