دولت کمانا مقصد نہیں: بالاکرشنا، امراوتی میں 1000 بستروں کے ہاسپٹل کا اعلان، وزیر صحت دامودرراج نرسمہا کی شرکت
حیدرآباد۔ 22 جون (سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ جشنودیو ورما اور وزیر صحت دامودرراج نرسمہا نے آج حیدرآباد میں بسواتارکم کینسر ہاسپٹل کے 25 سال کی تکمیل پر سلور جوبلی تقاریب میں حصہ لیا۔ ہاسپٹل کے صدر نشین اور فلم اسٹار ننداموری بالاکرشنا نے گزشتہ 25 برسوں کے دوران غریبوں کے لئے کینسر کے علاج کی سہولتوں اور خدمات سے واقف کرایا۔ بالاکرشنا نے کہا کہ ہاسپٹل کے قیام کا مقصد دولت کمانا نہیں بلکہ غریب عوام کی خدمت کرنا ہے۔ انہوں نے ریمارک کیا کہ وہ دامودرراج نرسمہا کے نام سے فلم بنانے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ بالاکرشنا نے کہا کہ ان کی والدہ بسوا تارکم کا کینسر کے عارضہ سے دیہانت ہوا تھا اور ان کے والد این ٹی راما راؤ نے غریبوں کو کینسر جیسے موذی مرض سے نجات دلانے کے لئے ہاسپٹل قائم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ 110 بستروں سے ہاسپٹل کا آغاز ہوا اور آج ہاسپٹل میں بستروں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینسر کے علاج کے لئے ہاسپٹل میں عصری سہولتیں موجود ہیں۔ بالا کرشنا نے اعلان کیا کہ عنقریب آندھرا پردیش کے امراوتی میں 1000 بستروں کا کینسر ہاسپٹل قائم کیا جائے گا۔ ابتداء میں 300 بستروں سے ہاسپٹل کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے تلگو ریاستوں کے چیف منسٹرس سے اظہار تشکر کیا جو ہاسپٹل کی ترقی میں تعاون کررہے ہیں۔ گورنر تلنگانہ جشنودیو ورما نے بسواتارکم کینسر ہاسپٹل کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بالاکرشنا نہ صرف ایک مشہور فلم اسٹار ہیں بلکہ انہوں نے غریبوں کو کینسر سے نجات دلانے کے لئے جو بیڑا اٹھایا ہے وہ قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کینسر کے علاج کے لئے مزید تحقیق اور بہتر سہولتوں کا مشورہ دیا۔ وزیر صحت دامودرراج نرسمہا نے کہا کہ ملک میں کینسر کے مریضوں میں روز افزوں اضافہ تشویش کا باعث ہے۔ ہر سال 50 تا 55 ہزار افراد کینسر سے متاثر ہو رہے ہیں۔ بسواتارکم اور ایم این جے ہاسپٹلس کے علاوہ ہر ضلع میں کینسر کے علاج کی بہتر سہولتوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ریاست میں کینسر کے علاج کے لئے 4 مراکز قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آنجہانی این ٹی راما راؤ نے فلم انڈسٹری میں نہ صرف نام کمایا بلکہ عوامی خدمت کا غیر معمولی ریکارڈ قائم کیا ہے۔ آج بھی غریبوں کے دلوں میں این ٹی راما راؤ زندہ ہیں۔ 1