تلنگانہ حکومت سے تعاون کا تیقن، تعلیم اور صحت کے شعبہ میں اصلاحات کی ستائش
حیدرآباد۔ 22 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ میں کینسر کے علاج کی سہولتوں کو بہتر بنانے میں حکومت سے ہر ممکن تعاون کرنے ممتاز انکالوجسٹ پدماشری نوری دتاتریوڈو نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو تیقن دیا۔ کینسر کے علاج کے عالمی سطح پر ماہر ڈاکٹر نوری دتاتریوڈو نے آج چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ان کی قیام گاہ پر خیرسگالی ملاقات کی۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے صحت اور تعلیم کے شعبہ جات میں بہتری کے اقدامات کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کینسر کیئر سسٹم کی ترقی کے لئے وہ حکومت کو ہر ممکن تعاون کرنے کے لئے تیار ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ڈاکٹر نوری دتاتریوڈو کو تلنگانہ میں تعلیم اور صحت کے شعبہ میں ترقی کے اقدامات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ہاسپٹلس میں بہتر سہولتوں کی فراہمی کے لئے حکومت نے فنڈس جاری کئے ہیں تاکہ نئے اور عصری طبی آلات حاصل کئے جائیں۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس کے مختلف اضلاع میں قیام کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کینسر کے علاج کے لئے سرکاری سطح پر بہتری کے اقدامات میں ڈاکٹر نوری سے تعاون کی خواہش کی۔ چیف منسٹر نے غریبوں کو بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے پرائمری ہیلت سنٹرس میں دی جارہی خدمات سے واقف کرایا۔ ڈاکٹر نوری نے تلنگانہ حکومت کی ترجیحات کی ستائش کی اور کہا کہ کینسر کیئر کے معاملہ میں وہ حکومت کو اپنے تجربات کی روشنی میں ہر ممکن تعاون کریں گے۔ ڈاکٹر نوری دتاتریوڈو کا شمار امریکہ کے نامور انکالوجسٹ میں ہوتا ہے اور وہ خواتین میں کینسر کے واقعات میں اضافے کو روکنے کے لئے خاص طور پر ریسرچ میں مصروف ہیں۔ 1