کینیا میں بس حادثہ کا شکار، 25 افراد ہلاک

   

نیروبی۔9؍اگست ( ایجنسیز) کینیا کے جنوب مغربی علاقے میں جمعہ کی شام ہونے والے ایک المناک حادثے نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا۔ کاکامیگا شہر سے کسومو جا رہی ایک بس بے قابو ہو کر سڑک کے کنارے گہری کھائی میں جا گری۔ بس میں سوار لوگ آخری رسومات سے واپس آرہے تھے۔ اس خوفناک حادثے میں کم از کم 25 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ کئی لوگ بری طرح زخمی ہوئے۔ حادثے کے بعد پورے علاقے میں سوگ کی لہر دوڑ گئی۔صوبہ نیانزا کے ریجنل ٹریفک آفیسر پیٹر مینا نے بتایا کہ بس تیز رفتاری سے چل رہی تھی اور کسومو میں ایک چکر کے قریب ڈرائیور نے کنٹرول کھو دیا۔ اس کے بعد بس سڑک سے پھسل کر گڑھے میں الٹ گئی۔ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ بس پرزہ پرزہ ہو گئی۔ کینیا میڈیکل سروسز کے پرنسپل سیکرٹری فریڈرک اوما اولوگا نے بتایا کہ ابتدائی طور پر 29 افراد زخمی ہوئے جن میں سے چار بعد میں ہاسپٹل میں دم توڑ گئے۔