ٹورنٹو: کینیڈا کے دارالحکومت میں سری لنکن باشندوں کے گھر میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد کو تیز دھار ہتھیار کے ساتھ بیدردی سے قتل کردیا گیا جن میں 2 ماہ کے نومولود سمیت 4 بچے شامل ہیں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اوٹاوا پولیس کو ایک ہنگامی مدد کی کال موصول ہوئی تھی۔ پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو سات افراد خون میں لت پت پڑے تھے جو آخری سانسیں لے رہے تھے۔پولیس کا کہنا ہے کہ سات میں سے چھ افراد نے اسپتال جاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ دیا جن میں 35 سالہ ماں اور اْن کے دو ماہ کے نومولود سمیت 11، چار اور دو سالہ بچے شامل ہیںپولیس نے مزید بتایا کہ ایک 40 سالہ شخص نے بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا جو اس خاندان کا رشتہ دار تھا جب کہ والد کی حالت اب بہتر ہے اور ان کی نشاندہی پر ایک 19 سالہ طالب علم کو گرفتار کیا گیا۔مبینہ قاتل کا تعلق بھی سری لنکا سے ہے جو تعلیم حاصل کرنے آیا ہے اور اس خاندان کا واقف کار ہونے کی وجہ سے انھی کے ساتھ رہ رہا تھا۔ قتل کا محرک جاننے کیلئے تفتیش جاری ہے۔قتل کی اس ہولناک واردات نے کینیڈا کے شہریوں کو خوف زدہ اور پریشان کرکے رکھ دیا۔ ایسے واقعات وہاں نہ ہونے کے برابر ہیں۔ 10 لاکھ کی آبادی والے اوٹاوا میں گزشتہ برس مختلف واقعات میں 14 افراد قتل ہوئے تھے۔