اونٹاریو: کینیڈا میں سرکاری وکلاء نے 14 جون پیر کے روز بتایا کہ اس ماہ کے اوائل میں جس 20سالہ شخص پر ٹرک چڑھا کر ایک ہی مسلم خاندان کے چار افراد کو قتل کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا اس کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔کینیڈا کے صوبے انٹاریو کے لندن شہر میں 6جون کی شام کو پاکستانی نژاد ایک مسلم خاندان چہل قدمی کر رہا تھا تبھی ایک نوجوان نے ان پر اپنا ٹرک چڑھا دیا تھا۔ اس حملے میں 46 سالہ ایک مرد، ان کی 44 سالہ اہلیہ، ان کی 15 برس کی بیٹی اور 74 برس کی ماں موقع پر ہی انتقال کر گئی تھیں۔ حملے میں 9برس کا ان کا بیٹا بھی بری طرح سے زخمی ہوا تھا تاہم وہ بچ گیا ہے۔متاثرہ کنبے کے رشتہ داروں نے ان کی شناخت 46 سالہ سلمان افضل، 44 سالہ مدیحہ، 15سالہ بیٹی یمنی اور سلمان افضل کی 74 سالہ والدہ کے طور پر کی تھی۔ 9سالہ بیٹے فائز کا ہاسپٹل میں علاج چل رہا ہے۔ متاثرہ کنبے کے دوستوں کا کہنا ہے کہ یہ خاندان 14برس قبل کینیڈا آیا تھا۔وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے اس حملے کو نفرت انگیز دہشت گردانہ حملہ قرار دیا تھا جس کے بعد یہ کارروائی ہوئی ہے۔