اوٹاوا : کینیڈا کے وزیراعظم وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے صوبائی قائدین کے ساتھ صلاح و مشورے کے بعد مظاہرین سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی قانون نافذ کردیا۔ کینیڈا سے امریکہ جانے والے ٹرک ڈرائیوروں کے لیے لازمی کورونا ویکسین کے خلاف گزشتہ ماہ کے اواخر میں شروع والے احتجاجی مظاہروں کی وجہ سے دارالحکومت اوٹاوا میں معمولات زندگی تقریبا ً مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں۔ مظاہرین کورونا وبا کے حوالے سے نافذ تمام پابندیوں کو ختم کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اپنے مطالبات پر زور دینے کے لیے انہوں نے اوٹاوا شہر کے مرکز سمیت کئی اہم بین صوبائی شاہراہوں پر دھرنا دے رکھا ہے۔ اس صورت حال کے مدنظر وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے صوبائی قائدین کو اعتماد میں لے کر قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج سے عوام کی سلامتی کو سخت خطرات لاحق ہوگئے ہیں اور ملکی معیشت کو سخت نقصان پہنچ رہا ہے۔ جسٹن ٹروڈونے کہا کہ ہم احتجاج کی آڑ میں اس طرح کی غیر قانونی اور خطرناک سرگرمیوں کو جاری رکھنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ واضح رہے کہ ایمرجنسی قانون کے اس نفاذ کے بعد جسٹس ٹروڈو کی حکومت کو 30 دن کے لیے لوگوں کے اجتماع، سفر اور کسی مخصوص سرکاری املاک کے استعمال کی ممانعت کے اختیارات مل گئے ہیں۔