کینیڈا میں تعلیم کے خواہشمند ہندوستانی طلبہ کو زبردست جھٹکہ

   

ٹورنٹو، 4 نومبر (یو این آئی) کینیڈا نے ملک میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہش مند کئی ہندوستانی طلبہ کی ویزا درخواستیں مسترد کردیں۔ سرکاری اعداد و شمار سے معلوم ہوتا ہے کہ کینیڈا کی غیر ملکی طلبہ پر پابندی نے ہندوستانی درخواست دہندگان کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے ۔ کینیڈا نے 2025 کے اوائل میں مسلسل دوسرے سال بین الاقوامی طلبہ کیلیے ویزا درخواستوں کی تعداد کم کر دی جو تارکین وطن کی تعداد کم کرنے اور طلبہ ویزوں سے متعلق دھوکہ دہی کا مقابلہ کرنے کی وسیع تر کوشش کا حصہ ہے ۔ اگست میں کینیڈین پوسٹ سیکنڈری اداروں میں پڑھنے کیلیے ہندوستانی طلبہ کی ویزا درخواستوں میں سے تقریباً 74 فیصد مسترد کر دی گئیں جبکہ اگست 2023 میں یہ شرح تقریباً 32 فیصد تھی۔ اس کے برعکس اس عرصے کے دوران مجموعی طور پر تعلیم کیلیے ویزا درخواستوں میں سے تقریباً 40 فیصد مسترد کی گئیں۔
اگست 2025 میں چینی طلبہ کی تقریباً 24 فیصد درخواستیں مسترد کی گئیں۔ اعداد و شمار کے مطابق ہندوستانی طلبہ کی ویزا درخواستیں قبول کرنے کی شرح کم کی گئی جو اگست 2023 میں 20,900 تھی اور اب 4,515 ہے ۔ واضح رہے کہ کینیڈا بین الاقوامی طلبہ کیلیے سب سے بڑا اسٹیشن ہے جہاں بھارتی طلبہ کی بڑی تعداد زیرِ تعلیم ہے ۔ ہندوستانی طلبہ کی ویزا درخواستیں مسترد ہونے میں اضافہ اُس وقت ہوا جب کینیڈا اور ہندوستان ایک سال سے زیادہ تناؤ کے بعد تعلقات بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سابق کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے 2023 میں برٹش کولمبیا کے سرے میں ایک شہری کے قتل میں ہندوستانی حکومت کی شمولیت کا الزام لگایا تھا۔