وٹاوا : کینیڈا میں مسلمانوں پر حملوں اور اسلام کے خلاف نفرت انگیز واقعات میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے،جب کہ حکومت انتہاپسندوں کو لگام دینے میں بری طرح ناکام ثابت ہوئی ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق حالیہ واقعہ کینیڈا کے شہر ساسکاٹون میں پیش آیا اور 2 چاقو بردار افراد نے حملہ کرکے پاکستان نڑاد مسلمان شخص کو شدید زخمی کردیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق ساسکاٹون کا رہایشی کاشف چہل قدمی کررہا تھا کہ مسلح افراد نے اس پر حملہ کردیا،جس کے نتیجے میں اس کے ہاتھ پر گہرے زخم آئے۔ حملہ آوروں نے اسی پر بس نہیں کی بلکہ کاشف کی داڑھی مونڈ دی اور نفرت آمیز جملے کستے رہے۔ شہریوں کے متوجہ ہونے پر حملہ آور کاشف کو زخمی حالت میں چھوڑ کرکے فرار ہوگئے۔اسے زخمی حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ، جہاں اس کے ہاتھ میں 14 ٹانکے آئے۔ پولیس نے واقعے کے شواہد جمع کرکے مفرور حملہ آوروںکی تلاش شروع کردی ہے۔
