اوٹاوا ۔کینیڈامیں صوبہ مانیٹوبا کے دارالحکومت ونی پیگ میں کووڈ-19 پابندیوں اورلازمی ٹیکہ اندازی کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین کے اوپرایک گاڑی کے چڑھ جانے سے کم از کم چار افراد زخمی ہو گئے ۔ نی پیگ پولیس نے کہا کہ یہ ہٹ اینڈ رن کا واقعہ جمعہ کی رات کو پیش آیا۔ انہوں نے بتایا‘‘ ایک مختصر جدوجہد کے بعد ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ معلومات کے مطابق تین افراد کو معمولی چوٹیں آئیں اور ان کا موقع پر ہی علاج کیا گیا، جبکہ چوتھے شخص کو اسپتال لے جایا گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتارشدہ 42 سالہ ملزم پر کئی الزامات ہیں ۔ وہ مانیٹوبا لیجسلیٹو بلڈنگ کے باہر نکالی گئی ریلی میں شامل نہیں تھا۔ قابل ذکر ہے کہ کینیڈا میں کووڈ-19 کے اقدامات کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جنوری کے اواخر میں شروع ہواتھا ، جب ہزاروں ٹرک ڈرائیوراور دیگرمظاہرین امریکہ -کینیڈا کی سرحد عبور کرنے والے ٹرک ڈرائیوروں کے لیے لازمی ٹیکہ اندازی کی سخت مخالفت کرتے ہوئے اوٹاوا میں اکٹھے ہوئے تھے ۔