کینیڈا میں ملازمت کا جھانسہ، نائجیریائی باشندہ گرفتار

   

Ferty9 Clinic

51 لاکھ روپئے ہڑپ لینے کا الزام، سائبر کرائم راچہ کنڈہ پولیس کی کارروائی

حیدرآباد۔9 ۔اگست (سیاست نیوز) کینیڈا میں ملازمت کا جھانسہ دے کر بھائی بہن کو دھوکہ دینے والے ایک نائجیریائی باشندہ کو سائبر کرائم راچہ کنڈہ پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ سائبر کرائم پولیس نے 30 سالہ ڈانیل ابہانو ساکن بنگلور کو گرفتار کرلیا ۔ کشائی گوڑہ کے ساکن ایک شہری کی شکایت پر پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا ۔ ٹکنیکل بنیاد پر ڈانیل کو گرفتار کرلیا ۔ اس نائجیریائی باشندہ نے ویزا رجسٹریشن اور کینیڈا میں ملازمت کیلئے ضروری کارروائی کے لئے 51 لاکھ روپئے حاصل کیا تھا ۔ پولیس کے مطابق گرفتار ڈانیل اس ٹولی کا ایک رکن ہے جبکہ اصل سرغنہ مفرور ہیں۔ ڈانیل سوشیل میڈیا پر پہلے دوستی کرتا ہے اور پھر دوستوں کی خواہشات کو دیکھتے ہوئے انہیں بیرون ملک ملاززت کا جھانسہ دیا کرتا ہے۔ اکثر افراد کو دوستی کے نام پر تحفہ روانہ کرتے ہوئے انہیں کسٹمس ایرپورٹ عہدیداروںکی آڑ میں لوٹ لیا جاتا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ مختلف موبائیل اپلیکیشن کی مدد سے شہریوں کو اپنے جال میں پھانسا جاتا تھا ۔ یوروپی ممالک کے شہریوں بالخصوص خواتین اور نوجوان لڑکیوں اور مرد افراد کی تصاویر کو حاصل کرتے ہوئے فرضی فیس بک اکاونٹس کے ذریعہ ہندوستانی شہریوں سے دوستی کی جاتی اور پھر انہیں مختلف انداز سے لوٹا جارہا ہے ۔ کشائی گوڑہ سے تعلق رکھنے والا شہری بھی اس طرح ان کی جعلسازی کا شکار ہوا ۔ اس نے بھائی اور بہن دونوں کو کینیڈا میں ملازمت کا جھانسہ دیا ۔ پولیس کے مطابق سال 2011 ء میں ڈانیل اسٹوڈنٹ ویزار پرہندوستان آیا اور ممبئی میں زیر تعلیم تھا۔ کسمپرسی میں گریجویشن کی تکمیل کے بعد سال 2018 ء میں اس نے بنگلور کا رخ کیا جہاں اپنے ہم وطنی نائجیریا ئی باشندوں سے ملاقات اور دوستی کے بعد انہوں نے شہریوں کو لوٹنے کا منصوبہ بنایا ۔ چونکہ جن فیک اکاؤنٹس میں رقم منتقل کی جاتی تھی ، وہ ہندوستانی شہریوں کے بینک اکاؤنٹس ہی ہوتے ہیں جس کے سبب شبہات پیدا ہونے میں دشواری تھی ۔ شمال مشرقی ریاستوں کے اکثر شہریوں سے کمیشن کی بنیاد پر بینک کھاتوں کو استعمال کیا جاتا تھا ۔ پولیس نے عوام الناس سے درخواست کی ہے کہ وہ سائبر دھوکہ بازوں سے چوکنا رہیں۔