کینیڈا میں ویکسین مخالف احتجاج،’ایمرجنسی ایکٹ‘کا نفاذ

   

لندن۔ کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے ٹرک ڈرائیوروں کے احتجاج کو ختم کرنے کے لیے ایمرجنسی اختیارات کا ایکٹ نافذ کیا ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پیر کو کینیڈین وزیر اعظم نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ’اس مرحلے میں فوج تعینات نہیں ہوگی تاہم حکام کو مظاہرین کو گرفتار کرنے اور ٹرکوں کو قبضے میں لینے کے لیے مزید اختیارات دیے جائیں گے۔ کینیڈا میں کورونا وائرس سے متعلق پابندیوں اور ویکسین لگوانے کے خلاف کئی دنوں سے ٹرک ڈرائیوروں کا احتجاج جاری ہے۔ یہ ٹرک ڈرائیورز کینیڈا اور امریکہ کے درمیان اہم تجارتی راہداریوں پر احتجاج کر رہے ہیں۔کینیڈا کی تاریخ میں غیرمعمولی حالات میں ایمرجنسی اختیارات کا استعمال دوسری مرتبہ کیا جا رہا ہے۔ کینیڈین وزیراعظم نے کہا کہ ہم غیرقانونی اور خطرناک سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت نہیں دیں گے۔