کینیڈا میں ٹرک ڈرائیوروں کا احتجاج ختم کرانے پولیس کی سخت کارروائی

   

ٹورنٹو: کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں گزشتہ تین ہفتوں سے سراپا احتجاج ٹرک ڈرائیوروں کے مظاہرے ختم کرانے کے لیے پولیس نے کارروائی شروع کر دی ہے۔ جمعرات کو پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو مظاہرین رہنماؤں کو حراست میں لے لیا ہے۔سینکڑوں ٹرک ڈرائیور کورونا وائرس کی پابندیوں کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں اور تین ہفتوں سے پارلیمنٹ ہل کے سامنے ٹرک کھڑے کر کے دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ کے مطابق جمعرات کی شب مظاہرین احتجاجاً ٹرکوں کے ہارن بجاتے رہے۔ اس موقع پر پولیس نے پہلے سرکاری عمارتوں کی جانب جانے والے راستوں پر رکاوٹیں رکھ کر انہیں بند کر دیا جب کہ ان تمام راستوں کو بھی سیل کر دیا جو ڈاؤن ٹاؤن کے علاقے کی طرف آتے ہیں جہاں مظاہرین دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔پولیس کی اس کارروائی کا مقصد کریک ڈاؤن کے دوران مظاہرین کے لیے کسی بھی قسم کی امداد کو روکنا تھا۔