کینیڈا میں کورونا پروٹوکول کیخلاف احتجاج جاری

   

اوٹاوا پولیس نے ’فریڈم کانوائے ‘کے دوران 7افراد کو گرفتار کر لیا،ایمرجنسی نافذ
اوٹاوا: کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں اتوار کو ‘فریڈم کانوائے ’ کے مظاہروں کے دوران سات افراد کو گرفتار کیا گیا اور کئی گاڑیاں اور ایندھنوں کے ٹینکر ضبط کر لئے گئے ۔پولیس نے پیر کو ایک بیان میں کہا کہ اتوار کی صبح ایک شخص کو پابندی کے باوجود گاڑی چلانے پر گرفتار کیا گیا تھا، جب کہ دوسرے شخص کو پرانے شہر میں کاروباری املاک کو نقصان پہنچانے سے متعلق حالات کو بگاڑنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ بعدازاں دن میں فسادات کے الزام میں مزید پانچ افراد کو گرفتار کیا گیا۔پولیس نے کہامتعدد گاڑیاں اور ایندھن ٹینکروں کو ضبط کیا گیا ہے اور مختلف خلاف ورزیوں پر ڈرائیوروں کو 100 سے زیادہ ٹکٹ جاری کیے گئے ہیں۔ کنفیڈریشن پارک کو مکمل طور پر صاف کر دیا گیا ہے اور باڑ لگا دی گئی ہے ۔پولیس نے کہا کہ احتجاج سے متعلق 60 سے زیادہ مجرمانہ تحقیقات جاری ہیں۔ وہ بنیادی طور پر پریشانی، چوری، نفرت انگیز جرائم اور املاک کو نقصان پہنچانے سے متعلق ہیں۔اس سے قبل اتوار کو اوٹاوا پولیس نے ٹوئٹر پر خبردار کیا تھا کہ جو بھی مظاہرین کو مدد جیسے ایندھن، فراہم کرنے کی کوشش کرے گا اسے گرفتار کیا جا سکتا ہے ۔اوٹاوا کے میئر جم واٹسن نے اتوار کو شہر میں ہنگامی حالات کا اعلان کرتے ہوئے سی ایف آر ا ے ریڈیو کو بتایا کہ شہر کی صورتحال مکمل طور پر قابو سے باہر ہے۔ کینیڈا میں کورونا پروٹوکول اور پابندیوں کے خلاف مظاہروں کی موجودہ لہر جنوری کے آخر میں تب شروع ہوئی، جب ہزاروں ٹرک ڈرائیورز اور دیگر مظاہرین نے اوٹاوا میں جمع ہو کر امریکہ۔کینیڈا کی سرحد عبور کرنے والے ٹرک ڈرائیوروں کے لیے ویکسین کو لازمی قرار دینے کی شدید مخالفت کا اظہار کیا۔ خیال رہیکہ مبینہ ’فریڈم کانوائے‘کے مظاہرے عموماً پرامن رہے ہیں۔جمعہ کے روزاونٹاریو کے پریمیئر ڈگ فورڈ نے اوٹاوا میں مظاہروں کو ایک’’پیشہ‘‘قرار دیا اور لوگوں پر زور دیا کہ وہ اسے ختم کر دیں۔کینیڈا کے دارالحکومت اٹاوا میں کورونا پابندیوں کیخلاف ٹرک ڈرائیورز کی ہڑتال کے باعث ہنگامی حالت یعنی ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔غیرملکی میڈیا کے مطابق کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا کے مئیرجم واٹسن نے ٹرک ڈرائیوزکی ہڑتال کے باعث ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کردیا۔ اوٹاوا کے مئیرنے بیان میں کہا کہ صورتحال مکمل طورپرقابو سے باہرہے اورمظاہرین کی تعداد پولیس اہلکاروں سے زیادہ ہوگئی ہے۔مظاہرین شہریوں کی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں۔ٹرک ڈرائیوز گزشتہ ایک ہفتے سے کورونا پابندیوں کیخلاف احتجاج کررہے ہیں اور انہوں نے شہرکے وسطی علاقہ کی سڑکوں کوخیمے لگا کراورٹرک کھڑے کرکے بند کردیا ہے۔ٹرک ڈرائیورز نے حکومت کی جانب سے ٹرک ڈرائیورز کے لئے ویکسین لازمی لگوانے کی شرط کیخلاف ایک ہفتے قبل ’ آزادی کارواں‘ کی مہم کا آغاز کیا تھا۔