کینیڈا میں ہندو ڈاکٹر کے کلینک پر قرآن پاک کی تلاوت

,

   

اپنے مریضوں کو شفاء پہنچانے کیلئے تلاوت ِ قرآن سننا ڈاکٹر جگدیش آنند کا معمول

مانٹریال : ڈاکٹر جگدیش آنند کینیڈا میں اعلیٰ ترین ماہر چشم ڈاکٹروں میں سے ایک ہیں، وہ اپنا کلینک کئی سال سے یہاں چلا رہے ہیں، لیکن ان کی اس پریکٹس کا سب سے دلچسپ حصہ یہ ہے کہ وہ مسلم نہ ہوتے ہوئے بھی اپنی کلینک میں تمام وقت قرآن پاک کی تلاوت سنتے رہتے ہیں۔ ڈاکٹر جگدیش زیادہ تر سورۂ یٰسین اور سورہ رحمٰن کی تلاوت سنتے ہیں۔ اپنے اس روایت کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ قرآن مقدس ساری انسانیت کیلئے ہے، تلاوت قرآن کے فوائد بھی بہت سارے ہیں۔ وہ اپنے کلینک کی فضاء کو پاکیزہ رکھنا چاہتے ہیں۔ قرآن حکیم کی آیات شفاء کیلئے بہترین ہیں۔ ڈاکٹر جگدیش نے دعویٰ کیا کہ ان کی جستجو اور تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ روزانہ پانچ مرتبہ سورۂ رحمن سننے سے آنکھ کے تمام امراض دور ہوجاتے ہیں۔ ڈاکٹر جگدیش کے مطابق اپنے کلینک کے قیام کے دن سے ہی وہ مقدس قرآن مجید کی تلاوت کا اہتمام کررہے ہیں۔ وہ اور ان کے والدین بھی قرآن پاک سن کر روحانی سکون حاصل کرتے ہیں۔ چند مریضوں نے ان سے سوال کیا کہ آخر آپ قرآن پاک کی تلاوت کیوں سنتے ہیں اور اندیشہ ظاہر کررہے ہیں کہ میں اسلام قبول کرنا چاہتا ہوں۔ یہ لوگ اسلام کو ایک دہشت گرد مذہب سمجھتے ہیں لیکن میں انہیں جواب دیتا ہوں کہ اسلام ایک امن کا مذہب ہے۔ اسلام کے تعلق سے پروپگنڈہ چلایا جارہا ہے۔ ڈاکٹر جگدیش ہر مذہب کا احترام کرتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ چند معمولی فرق کے ساتھ تمام مذاہب ایک جیسے ہیں۔