کینیڈا میں ہواوے کی چیف فینانشیل آفیسر رہا

   

ٹورنٹو۔ چین کی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی ہواوے کی چیف فینانشیل آفیسر مینگ وانزو کو کینیڈا میں دوبارہ رہا کر دیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وانزو نے اپنے خلاف عائد الزامات کو ختم کرنے کے لیے امریکی وزارت انصاف کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے۔ امریکی استغاثہ کے مطابق وانزو کے خلاف دھوکہ دہی کے الزامات کو معطل اور بعد میں ختم کر دیا جائے گا۔ 49 سالہ مینگ وانزو کو وینکوور کے انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر سن 2018 میں گرفتار کیا گیا تھا اور عدالتی کارروائی کے دوران وہ ہاؤس اریسٹ تھیں۔ ہواوے ایگزیکٹو پر ایران پر عائد امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی کے الزامات تھے۔ اس فیصلے کے بعد وانزو وینکوور سے چین کے لیے روانہ ہو گئی ہیں۔ ادھر بیجنگ حکومت نے بھی چین کی جیل میں قید دو کینڈیئن شہریوں کو رہا کر دیا ہے۔