کینیڈا نے مکمل ویکسین لگوانے والے امریکیوں کیلئے سرحد کھول دی

   

ٹورنٹو : کینیڈا نے پیر سے امریکی شہریوں پر عالمی وبا کے باعث ملک میں داخلے پر عائد پابندی کو ختم کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ سرحد پار سے امریکہ کے شہری اشیا خریدنے، چھٹیاں گزارنے یا سیر و تفریح کے لئے اب کینیڈا میں داخل ہو سکتے ہیں۔البتہ، کینیڈا جانے والے تمام امریکی شہریوں اور امریکہ میں مستقل طور پر رہائش پذیر لوگوں کے لیے کورونا ویکسین لگوانے اور سفر سے تین روز قبل کورونا کا منفی ٹسٹ ہونے کی رپورٹ بھی پیش کرنا ہو گی۔خیال رہے کہ امریکہ نے ابھی تک کینیڈا کے شہریوں پر لگائی جانے والی سفری پابندیاں نہیں اٹھائیں جبکہ ملک کوویڈ۔19 کی صورتحال سے معمول کے جانب لوٹنے کی کوشش کر رہا ہے۔امریکہ سے کینیڈا جانے والے مسافروں کو ’ارائیو کین‘ نامی ایپ پر ایک تفصیلی درخواست بھرنا ہو گی لیکن امریکی مسافروں کے رجسٹر کیے جانے کے باوجود کینیڈا کی بارڈر سرویسز ایجنسی نے ابھی یہ نہیں بتایا کہ سفر کی بحالی کے آغاز میں کتنے امریکی بارڈر پار کریں گے۔ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق امریکی مسافروں کو کینیڈا کے بارڈر پر داخلے کے وقت طویل انتظار کا سامنا ہوسکتا ہے۔کینیڈا کی بارڈر سرویسز ایجنسی کی ایک ترجمان ریبیکا پردی نے کہا ہے کہ کینیڈا اپنے شہریوں کی صحت اور تحفظ کی خاطر بارڈر پر مسافروں کے انتظار کے معاملے پر سمجھوتہ نہیں کرے گا۔خیال رہیکہ امریکہ اور کینیڈا کے بارڈر کو غیرضروری سفر کیلئے گزشتہ سال مارچ میں بند کر دیا گیا تھا، تاکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پایا جاسکے۔ امریکہ نے کہا ہے کہ وہ کینیڈا کے شہریوں کے لیے غیر ضروری سفر پر عائد پابندی 21 اگست تک جاری رکھے گا۔ امریکہ نے میکسیکو کے ساتھ بارڈر پر بھی اسی طرح پابندی برقرار رکھی ہوئی ہے۔