اونٹاریو : کینیڈا کے صوبہ اونٹاریو کے واحد پاکستانی نژاد کینڈین رکن پارلیمنٹ کلید رشید نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ پاکستانی نژاد کینیڈین وزیر کے پاس پبلک اینڈ بزنس سروس ڈیلیوری کا قلمدان تھا۔ انہیں اینٹیگریٹی کمیشن کے سامنے ایک انکوائری کا سامنا ہے۔ صوبائی وزیر کلید رشید اونٹاریو کے پریمیئر ڈگ فورڈ ٹورنٹو میں گرین بیلٹ پر قائم ایک اراضی مقامی ڈویلپر کو سستے داموں دینے کے اسکینڈل کی زد میں ہیں۔ ان کی امریکی ریاست لاس ویگاس کے ہوٹل میں مذکورہ ڈویلپر سے ملاقات کے بارے میں انکوائری کی جارہی ہے۔ اس حوالے سے کلید رشید کا کہنا ہے کہ ہوٹل کی لابی میں مذکورہ ڈویلپر سے اتفاقی ملاقات ہوئی تھی۔ پریمیئر ڈگ فورڈ کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اینٹیگرٹی کمشنر کی جانب رکنِ صوبائی اسمبلی کلید رشید کے کلیئر ہونے کے بعد انہیں وزارت کے منصب پر دوبارہ فائز کر دیا جائے گا۔ کلید رشید پروگریسو کنزرویٹؤ پارٹی کے پہلے پاکستانی نژاد رکنِ صوبائی اسمبلی اور پہلے پاکستانی نژاد وزیر تھے۔
کینیڈا نے ہندوستانی ٹراویل اڈوائزری کو یکسر مسترد کر دیا
اوٹاوا : کینیڈا کی حکومت ایک کینیڈین سکھ رہنما کے قتل اور ہندوستانی حکومت کے مابین ممکنہ روابط کی تحقیقات کر رہی ہے، جس سے کشیدگی بڑھ رہی ہے۔ ادھر ہندوستان نے کینیڈا میں اپنی ویزا سروسز کو معطل کر دیا ہے۔ کینیڈا نے ہندوستان کی اس سفری ایڈوائزری کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے، جس میں نئی دہلی نے کینیڈا کے سفر کے دوران ہندوستانی شہریوں سے ’’انتہائی احتیاط‘‘ برتنے کی بات کہی تھی۔ تازہ ترین اقدامات دونوں ممالک میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کی عکاس کرتے ہیں۔ ہندوستانی ٹریول ایڈوائزری کے فوری بعد کینیڈا کے عوامی سلامتی کے وزیر ڈومینیک لی بلینک نے صحافیوں سے بات چیت میں کہا، ’’کینیڈا ایک محفوظ ملک ہے۔‘‘ ہندوستان سے پہلے کینیڈا نے اسی ہفتہ اپنی سفری معلومات کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے مسافروں کو خبردار کیا تھا کہ وہ ’’دہشت گردانہ حملوں کے خطرے‘‘ کی وجہ سے ہندوستان میں رہائش یا قیام کے دوران ’’انتہائی احتیاط‘‘ سے کام لیں۔