ٹورنٹو : کینیڈا کے دارالحکومت میں لازمی ویکسی نیشن کی ہدایت کے خلاف ٹرک ڈرائیوروں کا احتجاج زور پکڑ گیا ہے جس پر وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے اسے فوری بند کرنے کو کہا ہے۔ اوٹاوا میں جاری ویکسی نیشن مخالف احتجاج پر ہاؤس آف کامنز میں ہنگامی میٹنگ بلائی گئی جہاں وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ٹرک ڈرائیوروں کا احتجاج ملک کی معیشت، جمہوریت اور عام شہریوں کیلئے مسائل کھڑے کررہا ہے، اسے فوری طور پر بند کیا جانا چاہیے۔اعداد و شمار کے مطابق اوٹاوا میں جاری احتجاج کو کنٹرول کرنے کیلئے تعینات پولیس پر روز کا خرچہ 10 لاکھ 8 ہزار ڈالرز سے لے کر 20 لاکھ 2 ہزار ڈالرز تک آرہا ہے۔ وزیر برائے تحفظ عامہ مارکو مینڈسنو کا کہنا تھا کہ مظاہرے کو قابو میں رکھنے کیلئے روئل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس نے مزید کمک کی درخواست بھی کردی ہے۔دوسری جانب، اوٹاوا کی کؤنسل نے اکثریتی ووٹ سے یہ فیصلہ کیا ہے کہ وفاقی حکومت سے درخواست کی جائے کہ پولیس افسران کو مظاہرے کی نگرانی سے چھوٹ دی جائے تاکہ وہ دیگر عام شہریوں کے تحفظ پر دوبارہ توجہ دے سکیں۔