کینیڈا کی جامع مسجد میں نماز عید ، روحانی فضاء ، تلنگانہ کے معززین کی شرکت

   

نظام آباد :22؍ مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کینیڈا کی جامع مسجد میں حیدرآبادی مسلمانوں نے عیدالفطر نہایت مذہبی جوش و خروش اور عقیدت کے ساتھ منائی۔ اس موقع پر 10 ہزار سے زائد مسلمانوں نے نمازِ عید ادا کی جہاں روحانی فضا، بھائی چارہ اور اتحاد کا خوبصورت منظر دیکھنے کو ملا۔ نماز کے بعد ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد پیش کی گئی اور اجتماعی دعاوں کا اہتمام کیا گیا۔اس موقع پر حیدرآبادی کمیونٹی کے ذمہ داران فیروز خان، مشتاق احمد، الیاس صدیقی، وہاج احمد، امام نفیس، مفتی عامر رحمانی،قاسمی وسیم احمد، محمد عبدالبصیر، واحد قریشی، صدیقی، علیم فرید سید اور دیگر معززین نے شرکت کرتے ہوئے تمام حاضرین کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی۔ مقررین نے اپنے مختصر پیغامات میں عید کے حقیقی پیغام یعنی محبت، بھائی چارہ، ہمدردی اور خدمتِ خلق کو عام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔تقریب کے دوران نظم و ضبط کا خاص خیال رکھا گیا اور کمیونٹی کی جانب سے بہترین انتظامات کیے گئے تھے۔ اس موقع پر بچوں، نوجوانوں اور بزرگوں کی بڑی تعداد موجود تھی، جس سے ایک خوشگوار اور روح پرور ماحول قائم رہا۔ مقررین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ امتِ مسلمہ کو اتحاد و اتفاق عطا فرمائے اور دنیا بھر میں امن و سلامتی قائم کرے۔