ہندوستانی طلبہ متاثر ہونے کا امکان، کینیڈا کے فیصلہ میں پس پردہ محرکات
حیدرآباد۔10۔نومبر(سیاست نیوز) حکومت کینیڈا کی جانب سے طلبہ کے لئے مخصوص SDS ویزاسہولت کو ختم کردیئے جانے کے بعد سب سے زیادہ ہندستانی طلبہ کے متاثرہونے کا خدشہ ہے اور کہا جا رہاہے کہ گذشتہ یوم حکومت کینیڈا کی جانب سے کئے گئے اس فیصلہ کا اثر کینیڈا تعلیم کے حصول کے لئے روانہ ہونے والے 90 فیصدطلبہ ہندستان سے تعلق رکھنے والے متاثر ہوں گے کیونکہ SDS ویزااسکیم کے تحت ہندستانی ‘ فلپائن‘ چین ‘ ویتنام اور سینیگل کے طلبہ استفادہ کے اہل تھے اور اس ویزاکے حصول میں سب سے زیادہ ہندستانی نوجوان تھے جو استفادہ حاصل کرتے ہوئے اعلیٰ تعلیم کے لئے کینیڈا روانہ ہو رہے تھے ۔ بتایا جاتا ہے کہ وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے اس فیصلہ کا مختلف گوشوں سے موجودہ ہند۔کینیڈا تناؤ کی صورت میں بھی جائزہ لیا جار ہاہے لیکن ماہرین کے مطابق ماہ ستمبر کے دوران وزیر اعظم کینیڈا نے اس بات کا انکشاف کردیا تھا کہ وہ جلد ہی SDS ویزا سہولت کو ختم کرنے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ دیگر ممالک سے کینیڈا تعلیم کے حصول کے لئے آنے والے طلبہ سے ملک کی معیشت کو ہونیو الے فوائد کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاتھا کہ کینیڈا کی معیشت کے استحکام میں بیرونی طلبہ کو کلیدی کردار ہے لیکن کینیڈا اندرون ایک سال 35 فیصد غیر ملکی باشندوں اور آئندہ ایک سال کے دوران مزید 10 فیصد باشندوں کی تخفیف کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ کینیڈا کے اس فیصلہ سے ہونے والے اثرات کے سلسلہ میں دریافت کرنے پر اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے بیرون ملک روانہ کرنے والے ماہرین کا کہناہے کہ اس طرح کے فیصلہ سے ہندستانی طلبہ کو جو نقصان ہوگا اس کی تلافی ممکن نہیں ہے کیونکہ کینیڈا میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے دیئے جانے والے اس ویزاکے نتیجہ میں کئی طلبہ نے کینیڈا کی جامعات میں داخلہ حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ عہدیداروں کے مطابق کینڈا کی مختلف جامعات اور شہرو ں میں فی الحال 4لاکھ 27 ہزار ہندستانی طلبہ ہیں جو تعلیم حاصل کرر ہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق حکومت کینیڈا کے اس فیصلہ کے پس پردہ محرکات میں ہندستانی طلبہ کی بڑھتی ہوئی تعداد پر قابو پانے کے اقدامات کی کوشش کا حصہ ہیں کیونکہ اعلیٰ تعلیم کے حصول کے بعد ہندستانی طلبہ ملک سے نقل مکانی کے لئے درخواستیں داخل کرتے ہوئے کینیڈا کے شہری بننے کی کوشش کرتے ہیں اور انہیں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد حاصل ہونے والی اس سہولت سے استفادہ کرتے دیکھا گیا ہے۔3