انٹاریو: کینیڈا میں ٹرک سے کچل کر ہلاک کیے جانے والے کینیڈین مسلم خاندان کے لیے ہزاروں افراد نے مارچ کیا ہے۔ روئٹرز کے مطابق گذشتہ اتوار کو ایک ہی خاندان کے چاروں افراد اس وقت ہلاک ہو گئے تھے جب شام کو گھر کے قریب چہل قدمی کرتے ہوئے ایک 20 سالہ کینیڈین نوجوان نے ان پر ٹرک چڑھا دیا تھا۔ اس سانحے میں صرف خاندان کا پانچواں فرد نو سالہ بچہ زندہ بچا ہے۔پولیس نے اسے نفرت پر مبنی جرم قرار دیا ہے۔کینیڈین صوبے اونٹاریو کے شہر لندن میں لوگوں نے اس جگہ سے تقریباً سات کلومیٹر تک مارچ کیا جہاں سے ہلاک ہونے والوں خاندان کو قریبی مسجد تک پہنچایا گیا تھا۔ اس جگہ کے قریب سے ہی پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کیا تھا۔مارچ میں شامل کچھ شرکا نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ’یہاں نفرت کی کوئی جگہ نہیں‘ اور ’نفرت سے زیادہ محبت‘ جیسے پیغامات درج تھے۔اسی طرح کے اجتماعات کینیڈا کے سب سے زیادہ آبادی والے صوبے اونٹاریو کے دوسرے شہروں میں بھی ہوئے۔