کرائسٹ چرچ ۔ نیوزی لینڈ نے پاکستانی فیلڈرز کی جانب سے کیچز چھوڑنے کے ساتھ کپتان کین ولیمسن کی سنچری اور ہنری نکولس کی نصف سنچری کی بدولت پاکستان کے خلاف دوسرے ٹسٹ میچ کی پہلی اننگز میں اپنا موقف مستحکم کر لیا ہے۔کرائسٹ چرچ میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے اور آخری ٹسٹ میچ کے پہلے دن پاکستانی ٹیم 297 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔میچ کے دوسرے دن کیوی اوپنرز ٹام لیتھم اور ٹام بلنڈل میدان میں اترے اور اپنی ٹیم کو 50 رنز سے زائد کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔پاکستان کو پہلی کامیابی اس وقت حاصل ہوئی جب 52 کے مجموعی اسکور پر فہیم اشرف نے ٹام بلنڈل کی 16 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔فیلڈ امپائر نے بلنڈل کو آؤٹ قرار نہیں دیا جس کے بعد پاکستان نے ریویو لینے کا فیصلہ کیا جو بالکل درست ہوا اور کیوی بیٹسمین کو ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔اگلے ہی اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے دوسرے اوپنر ٹام لیتھم کی 33 رنز کی اننگز کا خاتمہ کر کے پاکستان کو دوسری اہم کامیابی دلائی۔پاکستانی بولرز نے بہترین لائن اور لینتھ کے ساتھ بولنگ کرتے ہوئے کین ولیمسن اور روس ٹیلر پر مشتمل نیوزی لینڈ کی سب سے تجربہ کار جوڑی کو پریشان کرنے کا سلسلہ جاری رکھا اور کھانے کے وقفے کے بعد محمد عباس نے ٹیلرکو پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔دو اوورز بعد ہی محمد رضوان کے عمدہ کیچ کی بدولت پاکستان نے ہنری نکولس کی قیمتی وکٹ بھی حاصل کر لی لیکن اس موقع پر شاہین شاہ آفریدی نوبال کرگئے اور پاکستان ایک یقینی وکٹ سے محروم ہوگیا جس کا بعد میں مہمان ٹیم کو بھاری خمیازہ بھی بھگتنا پڑا۔ایک نئی زندگی ملنے کے بعد نکولس نے سنبھل کر کھیلنا شروع کیا اور کپتان کے ساتھ مل کر اننگز کو آگے بڑھایا اور چائے کے وقفے تک کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔دونوں کھلاڑیوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کرنے کے بعد جارحانہ انداز اختیارکیا اور تیزی سے اسکور کرنا شروع کیا۔پاکستان کو 70ویں اوور میں 82رنز پر بیٹنگ کرنے والے ولیمسن کی اہم وکٹ لینے کا موقع ملا لیکن سلپ میں موجود شان مسعود اور حارث سہیل کیچ لینے میں ناکام رہے۔نیوزی لینڈ کے کپتان نے اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اسی اوور میں نسیم شاہ کو مزید 3 چوکے لگا دیے اور کچھ دیر بعد ٹسٹ کرکٹ میں اپنی 24 ویںسنچری اسکور کر لی۔ولیمسن 107 کے اسکور پر پہنچے تو پاکستان کو وکٹ لینے کا ایک اور موقع دیا لیکن اس مرتبہ فہیم اشرف کی گیند پر گلی میں موجود شان مسعود کیچ لینے میں پھر ناکام رہے۔ پاکستان نے نئی گیند لی تو شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر پاکستان نے وکٹ لینے کا موقع گنوایا اور ایک مرتبہ پھر خوش قسمت بیٹسمین ہنری نکولس ہی تھے جن کی گیند پر کپتان محمد رضوان کیچ نہ لے سکے۔جب میچ کے دوسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو نیوزی لینڈ نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 286 رنز بنائے تھے۔ہنری نکولس 88 اور کپتان ولیمسن 112 رنز پر بیٹنگ کررہے ہیں اور دونوں کھلاڑی اب تک دوسری وکٹ کے لئے 215 رنز جوڑ چکے ہیں۔نیوزی لینڈ کو پاکستان کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لئے مزید 11رنز درکار ہیں اور اس کی 7 وکٹیں باقی ہیں۔واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کو دو ٹسٹ میچوں کی سیریز میں 0۔1 کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے۔