ہوانا : 11ستمبر ( ایجنسیز ) کیوبا ایک بار پھر تاریکی میں ڈوب گیا جہاں لاکھوں شہری بجلی سے محروم ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق کیوبا میں ایک سال کے دوان پانچویں مرتبہ بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا جس سے لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہوگئے اور معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے ہیں۔اس حوالے سے کیوبا کی وزارت توانائی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ بجلی کے نظام کا مکمل رابطہ منقطع ہو گیا ہے جس کا تعلق انتونیو تھرمو الیکٹرک پاور پلانٹ کے غیر متوقع طور پر بند ہونے سے ہو سکتا ہے۔وزارت توانائی کا کہنا ہیکہ بجلی کی بندش صبح 9 بجے کے بعد ہوئی جس کی اصل وجہ سے جانے کیلئے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔واضح رہے کہ کیوبا 3 دہائیوں سیبدترین معاشی بحران سے دوچار ہے، حالیہ برسوں میں بجلی کی بار بار بندش دیکھی گئی جس کی وجہ بجلی کے نظام میں خرابی اور بجلی پیدا کرنے کیلئے ایندھن کے لیے وسائل میں کمی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کیوبا میں چینی فنڈنگ اور مہارت سے 30 سولر پارکس بھی قائم کیے گئے تاہم بجلی کا مسئلہ حل نہ ہوسکا۔