ہوانا : کیوبا میں بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کے باعث ملک کا بیشتر حصّہ اندھیرے میں ڈوب گیا۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق کیوبا کے دارلحکومت ہوانا سمیت ملک کا بیشتر حصہ مکمل اندھیرے میں ڈوب گیا، اسٹریٹ لائٹس، ٹریفک سگنلز،انٹرنیٹ سب کچھ بند ہوگیا۔ وزارت توانائی کے مطابق ہوانا کے مضافات میں ڈیزمیرو سب اسٹیشن میں تیکنیکی خرابی کی وجہ سے بڑا بریک ڈاؤن ہوا، بجلی کی طلب تین ہزار دو سو پچاس میگاواٹ جبکہ خسارہ تیرہ سو میگا وات تک پہنچ چکا ہے ۔ واضح رہے کہ رواں برس کے آغاز میں امریکہ کے زیرِ انتظام جزیرے پورٹو ریکو میں فنی خرابی کے باعث بجلی کی ترسیل متاثر ہوگئی تھی، جس کے باعث لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہوگئے تھے ۔ رپورٹ کے مطابق پورٹو ریکو میں پاور گرڈ کی خرابی کے باعث جزیرے کے بڑے حصے میں بجلی معطل ہوگئی تھی، جس سے تقریباً 14 لاکھ صارفین متاثر ہوئے ۔ پورٹو ریکو کے گورنر پیڈرو پیئرلویسی کا سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہنا تھا کہ بجلی کی بحالی کے لئے کوششیں کررہے ہیں۔ جزیرے میں بجلی فراہم کرنے والی کمپنی بجلی کے نظام کی بحالی اور جزیرے میں جلد از جلد بجلی کی فراہمی کے لیے کاموں میں مصروف رہی۔
روسی فضائی دفاعی فورسز نے روسی علاقوں میں
یوکرین کے 126 ڈرونز کو مار گرایا
ماسکو : روسی فضائی دفاع نے جمعہ کی رات چھ روسی علاقوں میں یوکرین کے 126 ڈرونز کو تباہ اور روک دیا۔ یہ اطلاع روسی وزارت دفاع نے ایک بیان میں دی ہے ۔ وزارت نے ہفتہ کے روز کہا کہ گزشتہ رات ڈیوٹی پر موجود فضائی دفاعی نظام نے 126 یوکرین کی بغیر پائلٹ کی فضائی گاڑیوں کو تباہ اور روکا، جن میں وولگوگراڈ کے علاقے میں 64 یواے وی، وورونش میں 38، بیلگوروڈ علاقے میں 14، برانس کے علاقہ میں سات، روستوف میں 2 اور کرسک میں ایک یواے وی شامل ہیں۔