ہندوستان میں کیوبا کے سفیر کی وزیر آئی ٹی سریدھر بابو سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 5 ۔نومبر (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے تلنگانہ اور کیوبا کے درمیان مختلف شعبہ جات میں باہمی تعاون میں اضافہ کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت معاشی ترقی اور تہذیبی تعاون کے سلسلہ میں کیوبا اور دیگر عالمی اداروں کے ساتھ باہمی تعاون میں دلچسپی رکھتی ہے۔ ڈی سریدھر بابو سے ہندوستان میں کیوبا کے سفیر جان کارلوس مارسن اگولیرا اور فرسٹ سکریٹری میکی ڈیاس پیرس نے سکریٹریٹ میں ملاقات کی۔ اس موقع پر بائیو ٹکنالوجی، فارماسیوٹیکلس ، ہیلت کیر، آرٹیفشل انٹلیجنس ، انفارمیشن ٹکنالوجی ، اگریکلچر اور دیگر شعبہ جات میں باہمی تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا ۔ سریدھر بابو نے کہا کہ تلنگانہ حکومت ٹی ہب کے ذریعہ اسٹارٹ اپ کے آغاز کے لئے کیوبا کی ہر ممکن مدد کرے گی۔ انہوں نے مختلف شعبہ جات میں کیوبا کے اداروں کی سرمایہ کاری پر زور دیا۔ سریدھر بابو نے کیوبا کے وفد کو جینوم ویلی کے دورہ کی دعوت دی جو دنیا بھر میں لائیف سائنسیس کے اہم مرکز کی حیثیت سے اپنی شناخت رکھتی ہے ۔ انہوں نے ریسرچ اور مینو فیکچرنگ میں ٹکنالوجی کے تبادلہ پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کیوبا اسپورٹس اور اتھیلیٹکس کے شعبہ میں اپنی بہتر کارکردگی میں شہرت رکھتا ہے۔ انہوں نے تلنگانہ میں دستیاب عالمی سطح کی انفراسٹرکچر سہولتوں سے کیوبا کے وفد کو واقف کرایا۔ کیوبا کے سفیر نے کہا کہ ان کی حکومت تلنگانہ کے مختلف شعبہ جات میں تعاون کے لئے تیار ہے۔ سائنس ، ٹکنالوجی ، ہیلت کیر اور تہذیبی تبادلے میں کیوبا کو دلچسپی ہے۔ ملاقات کے موقع پر ڈائرکٹر تلنگانہ انویسٹمنٹ اینڈ پروموشن سیل مدھو سدن اور ڈائرکٹر تلنگانہ لائیف سائنسیس فاؤنڈیشن ڈاکٹر شکتی ناگپن اور دوسرے موجود تھے۔1