اوٹاوا۔ 9 فروری (سیاست ڈاٹ کام) کیوبک سٹی کی ایک مسجد میں فائرنگ کے ملزم کو عدالت کی طرف سے عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے ۔ اس حملے میں چھ افراد کی موت ہوگئی تھی۔ کیو این اے نے ایک رپورٹ میں بتایا کہ مسجد میں حملے کے ملزم اور 29 سالہ کینیڈین باشندے الیگزینڈر بیسونیٹ کو گزشتہ سال چھ لوگوں کے قتل اور چھ لوگوں کے اقدام قتل کا قصور وار قرار دیا گیا تھا۔ کیوبک کی عدالت عالیہ کے جسٹس فرنکوئس ہواٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ عمر قید کی سزا جس میں 35 سے 42 سال کے درمیان پیرول کی اجازت ہے ، مناسب سزا ہے ۔ انہوں نے استغاثہ کی طرف سے سزائے موت کے مطالبے کو مسترد کردیا، کیونکہ کناڈا میں سزائے موت کا قانون ختم کردیا گیا ہے ۔ جج نے مسجد میں فائرنگ کے واقعہ کو انتہائی وحشیانہ قرار دیا ہے۔