کیول انٹرسٹی ایکسپریس حادثے سے بال بال بچ گئی

   

بھاگلپور: 13409 مالدہ۔کیول انٹرسٹی ایکسپریس ٹرین چہارشنبہ کو بہار میں مشرقی ریلوے کے مالدہ ڈویژن کے بھاگلپور-جمال پور سیکشن پر سلطان گنج اسٹیشن کے قریب حادثے سے بال بال بال بچ گئی۔سرکاری ذرائع نے یہاں بتایا کہ مالدہ سے کیول جانے والی 13409 انٹرسٹی ایکسپریس ٹرین بدھ کو سلطان گنج اسٹیشن سے روانہ ہونے کے بعد کچھ فاصلے پر ٹرین کے پچھلے حصے سے الگ ہوگئی، ایک کوچ کا سی وی سی کپلنگ اچانک کھل جانے کی وجہ سے چار بوگیاں الگ ہو گئیں اور ٹرین دو حصوں میں تقسیم ہوگئی۔ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ ٹرین کے دو حصوں میں تقسیم ہونے کے بعد ٹرین کے گارڈ کی اطلاع پر ڈرائیور نے ایمرجنسی بریک لگا کر ٹرین کو روک دیا۔ اس حادثے کے بعد ٹرین کے مسافروں میں افراتفری مچ گئی۔ اس واقعہ میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی سلطان گنج اور بھاگلپور سے ریلوے حکام کی ٹیم جائے واقع پر پہنچ گئی اور ٹرین سے الگ ہونے والی چار بوگیوں کی مرمت کے بعد تقریباً ایک گھنٹے کی تاخیر کے بعد ٹرین کو شروع کرایا گیا۔ دریں اثنا، مالدہ کے ڈویژنل ریلوے منیجر وکاس چوبے نے حادثے کی تحقیقات کے لیے ایک ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت دی ہے ۔