کیو آر کوڈ اور اے ٹی وی ایم سے ریل ٹکٹ کی فاسٹ بکنگ

   

حیدرآباد 8 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) بنا ریزرویشن والے ٹکٹس خریدنے والے کثیر تعداد میں مسافرین کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ساوتھ سنٹرل ریلوے کی جانب سے کیو آر ( کوئیک ریسپانس ) کوڈ ٹکٹنگ نظام شروع کیا گیا ہے ۔ کثیر تعداد میں مسافرین روزآنہ مختلف ٹرینوں سے سفر کرنے کیلئے یہ ٹکٹس خریدتے ہیں۔ کیو آر کوڈس تمام اسٹیشنوں کیلئے تیار کئے گئے ہیں اور ریلوے اسٹینشوں پر ڈسپلے کیلئے بھیج دیا گیا ہے ۔ اس سہولت سے مسافرین کو ٹکٹ بنا ریزرویشن والے جنرل ٹکٹس موبائیل ایپ پر اسٹیشن کے احاطہ ہی میں خریدنے کی سہولت پہونچائی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ یہ ٹکٹس ریلوے اسٹیشن سے ایک کیلومیٹر کے اطراف کے احاطہ میں بھی کیو آر کوڈ اسکان کرتے ہوئے خریدے جاسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ خود کار ٹکٹ وینڈنگ مشینس ( اے ٹی وی ایم ) بھی شروع کئے گئے ہیں جن میں تیز رفتار بکنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ اس نئے فیچر کے ساتھ بناریزرویشن والے جنرل ٹکٹ کسی بھی اے ٹی وی ایم سے صرف دو کلک پر حاصل کئے جاسکتے ہیں جبکہ پہلے یہ سات کلک پر حاصل ہوا کرتے تھے ۔ اسی طرح ہر اے ٹی وی ایم میں 30 مقامی اسٹیشنوں کی تشکیل دی گئی ہے جن تک جانے کیلئے زیادہ مسافرین ہوتے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ اے ٹی وی ایم ایپلیکیشن میں دو کلک پر تیز رفتار ٹکٹس کا حصول ایک اچھی خدمت ہے جس کے نتیجہ میں سفر کی تفصیلات طئے کرنے اور ٹکٹ حاصل کرنے میں وقت کم صرف ہوگا ۔ اس کے علاوہ پہلے ہی کلک کے ذریعہ کوئی بھی مسافر فاسٹ بکنگ فیلڈ کا انتخاب کرسکتا ہے ۔ اس کے بعد 30 ایسے اسٹیشنوں کے نام سامنے آجائیں گے جہاں زیادہ تر سفر کیا جاتا ہے ۔ مسافر کو اپنے مقررہ مقام یا اسٹیشن کا تعین کرنا ہوگا اس کے بعد درکار ٹکٹ تیار ہوجائیگا ۔