احتجاجی ارکان کی توڑ پھوڑ کے دوران تین مارملنا کے گن مین نے ہوائی فائرنگ کردی ۔ گن مین گرفتار
ڈی جی پی سے ایم ایل سی کویتا کی شکایت۔ فائرنگ سے کوئی زخمی نہیں۔ توڑپھوڑ کے دوران ایک شخص زخمی : ڈی سی پی پدمجا
حیدرآباد 13 جولائی (سیاست نیوز) حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ میڈی پلی میں کیونیوز کے دفتر جو ایم ایل سی تین مار ملنا (چنتا پنڈو نوین کمار) کا دفتر ہے، اتوار کی صبح تلنگانہ جاگرتی کے کچھ ارکان بطور احتجاج پہنچے اور تین مارملنا کے خلاف احتجاج کرنے لگے۔ تب تین مارملنا کے گن مین نے انہیں آفس کے باہر کرنے کی کوشش کی ۔ تلنگانہ جاگرتی ارکان نے اپنا احتجاج شدید کرکے نعرے لگائے تب گن مین نے پانچ راونڈ ہوائی فائرنگ کی۔ فائرنگ کی آواز سن کر احتجاجی ادھر ادھر بھاگنے لگے۔ تلنگانہ جاگرتی کے ارکان نے دعویٰ کیا کہ تین مار ملنا نے ایم ایل سی کویتا کے خلاف نامناسب تبصرے کئے تھے جس پر ہم خاموش احتجاج درج کرنے پہنچے تھے لیکن گن مین نے ہوائی فائرنگ کردی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس مقام پر پہنچ گئی اور حالات کو قابو میں کرلیا اور گن مین کو حراست میں لے لیا گیا۔ ایم ایل سی کویتا نے اس سلسلہ میں تلنگانہ ڈی جی پی کو ایک یادداشت پیش کی، جس میں تین مارملنا کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ کویتا نے بتایا کہ تلنگانہ کابینہ میں بی سی طبقات کیلئے 42 فیصد تحفظات کیلئے تلنگانہ جاگرتی کی جانب سے کافی عرصہ سے کوشش کے بعد اسے منظوری دی گئی جس پر تلنگانہ جاگرتی کے ارکان نے خوشی منائی اور ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کی جس پر تین مار ملنا نے عوام کے سامنے ایم ایل سی کویتا کے خلاف نامناسب تبصرہ کیا تھا جس پر تلنگانہ جاگرتی ارکان نے احتجاج کیلئے ملنا کے دفتر پہونچے تاہم وہاں گن مین نے فائرنگ کردی۔ ملکاجگری ڈی سی پی پدمجا نے بتایا کہ تین مارملنا کے گن مین نے پانچ راونڈ ہوائی فائرنگ کی لیکن اس میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔ سائی نامی شخص اس وقت زخمی ہوا جب تلنگانہ جاگرتی کے ارکان کیونیوز کے آفس میں توڑپھوڑ کررہے تھے اس دوران کانچ کے شیشہ ٹوٹنے سے سائی زخمی ہوگیا اسے دواخانہ منتقل کیا گیا۔ گین مین کی فائرنگ میں زخمی ہونے کی اطلاع غلط ہے۔ میڈی پلی پولیس نے ایک مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی۔ ش