نئی دہلی۔ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے چوتھے روز شبمن گل کی وکٹ پر ہنگامہ برپا ہوگیا۔ کیمرون گرین نے ان کا کیچ پکڑا۔ کیچ مکمل طور پر واضح نہیں تھا لیکن اس کے باوجود امپائر رچرڈ کیٹلبرو نے انہیں آؤٹ دیا۔ ان کے اس فیصلے سے ہندوستانی شائقین ناراض اور مایوس ہیں۔ شائقین نے کیمرون گرین اور امپائر رچرڈکیٹلبرو کے خلاف بھی محاذ کھول دیا ہے۔ رچرڈ کیٹلبرو کو مسلسل ٹرول کیا جا رہا ہے۔ بہت سے مداح انہیں اپنی آنکھوں کا علاج کرنے کا مشورہ بھی دے رہے ہیں۔ ویسے بتاتے چلیں کہ رچرڈ کیٹلبرو ہمیشہ آئی سی سی ٹورنمنٹس کے ناک آؤٹ میچوں میں ہندوستان کے لیے شکست لے کر آئے ہیں۔ہندوستانی ٹیم کے ناک آؤٹ میچوں میں جب بھی رچرڈ کیٹلبرو امپائر تھے، ٹیم کو شکست سے کم نہیں ملا۔ انہوں نے ایک یا دو نہیں بلکہ پانچ مرتبہ ہندوستان کے ناک آؤٹ میچوں میں امپائرنگ کی اور ہمیشہ ہندوستانی ٹیم کو شکست ہوئی۔