نئی دہلی: انٹر نیشنل یونین آف کیٹل بل لفٹنگ (آئی یو کے ایل) کے ذریعہ ہنگری کے بڈاپسٹ میں کیٹل بل اسپورٹ ورلڈ چمپئن شپ2021 میں ہندوستان کی انشو تاراوت اور ڈاکٹر پائل کنوڈیا نے سخت مقابلے میں جیت درج کراتے ہوئے کامیابی حاصل کی اور سلور میڈل جیت کر ملک کا سر فخر سے بلند کردیا۔ اس جیت سے ملک کے ساتھ ہی ہریانہ کے لوگ بھی بہت خوش ہیں۔ ورلڈ چمپئن شپ کامقابلہ بڈاپسٹ میں 22سے 24اکتوبرتک چلا۔ اس کھیل میں دنیا کے 32ممالک سے 450 کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ ہندوستان سے دو کھلاڑی شامل ہوئے اور دونوں کھلاڑی انشو تاراوت اور ڈاکٹر پائل کنوڈیا ہریانہ سے ہیں۔ ہندوستان میں کیٹل بل کھیل کا انعقاد کیٹل بیلا اسپورٹ انڈیا ایسوسی ایشن کرتا ہے ۔ انشو تاراوت گرو گرام کی رہنے والی ہے جن کو ایم3ایم فاؤنڈیشن کا ٹھوس تعاون حاصل ہے ۔ ایم3 ایم فاؤنڈیشن ان تمام کھلاڑیوں کا انتخاب کر کے انھیں سپورٹ کرنے کا پابند عہد ہے جن میں صلاحیت تو ہے لیکن وہ تعاون کے فقدان کی وجہ سے اپنے خوابوں کو پورا نہیں کرپارہے ہیں۔ انشو تاراوت نے ایم3 ایم فاؤنڈیشن کی طرف سے ملے ٹھوس تعاون کیلئے تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے ۔ ایم 3ایم فاؤنڈیشن کی ٹرسٹی اور اس چمپئن شپ میں حصہ لینے والی ڈاکٹر پائل کنوڈیا نے کہا کہ بچپن سے اولمپک اور دیگر کھیلوں کو دیکھتے ہوئے بڑی ہوئی ہوں۔بچپن سے ہی مجھے ملک کیلئے کھیلنے کا جنون تھا اور آج کیٹل بل کھیل کے توسط سے میرا یہ خواب شرمندہ تعبیر ہوا ہے ۔ اگرچہ یہ کھیل ہمارے ملک میں نیا ہے لیکن بتدریج کھلاڑی اس میں آگے آرہے ہیں۔ اپنی جیت پر مسرور انشو نے کہا کہ بڈا پسٹ میں جیتنا اور ترنگے کو لہراتا دیکھنا میری زندگی کا انمول لمحہ رہا۔ اس کیلئے میں ملک کے باشندوں کی دعاؤں اور ایم3 ایم فاؤنڈیشن کے سپورٹ کیلئے نہایت مشکور ہوں۔