چنڈی گڑھ: پنجاب کے سابق وزیر اعلی اور پنجاب لوک کانگریس کے سربراہ کیپٹن امریندر سنگھ 19 ستمبر کو بی جے پی میں شمولیت اختیار کرنے جا رہے ہیں۔ امریندر سنگھ اپنے بیٹے رن اندر سنگھ، بیٹی جے اندر کور اور پوتے نروان سنگھ کے ساتھ بی جے پی میں شامل ہوں گے۔ اسی کے ساتھ ان کی پارٹی باضابطہ طور پر بی جے پی میں ضم ہو جائے گی۔ پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر دہلی میں بی جے پی کے صدر دفتر میں منعقد شدنی ایک تقریب کے دوران بی جے پی صدر جے پی نڈا کی موجودگی میں پارٹی کی رکنیت حاصل کریں گے۔ کیپٹن امریندر کے ساتھ پنجاب کے تقریباً 6 سے 7 سابق ایم ایل اے بھی بی جے پی میں شامل ہونے جا رہے ہیں۔ کیپٹن امریندر کے تمام قریبی اور پرانے ساتھیوں سے ان کی بیٹی جے اندر کور نے جو اس وقت کیپٹن امریندر کا سارا سیاسی کام سنبھال رہی ہیں، 19 ستمبر کو دہلی پہنچنے کی اپیل کی ہے۔ کیپٹن امریندر نے پنجاب کے اسمبلی انتخابات سے قبل کانگریس قیادت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ عہدہ سے استعفیٰ دیدیا تھا اور پارٹی سے علیحدہ ہو گئے تھے۔ انہوں نے اپنی پارٹی کا اعلان کیا اور بعد میں بی جے پی کی حمایت کرنے کی بات کہی۔ انہوں نے وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات بھی کی تھی۔ کیپٹن امریندر نے بی جے پی کی حمایت سے اسمبلی انتخابات میں مقابلہ کیا اور متعدد سیٹوں پر امیدوار کھڑے کئے لیکن ان کی بری طرح ہار ہوئی۔