جوہانسبرگ ۔ 18 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان میں دیوالی کا تہوار اب کچھ ہی دنوں کے فاصلے پر ہے اور حکومت ہند بھی پٹاخوں اور دیگر آتش بازی کیلئے رہنمایانہ ہدایات جاری کرتی ہے تاکہ لوگ حادثات کا شکار نہ ہوں لیکن کیپ ٹاؤن کے بلدی حکام نے یہاں آباد ہندوؤں کو دیوالی منانے کیلئے ایسی ہدایات جاری کی ہیں جو شاید اب تک کہیں آزمائی نہیں گئی۔ دیوالی کے دوران آتش بازی کیلئے ایک مقام مختص کردیا گیا ہے جہاں آتش بازی کرنے والوں پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔ قبل ازیں ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا تھا لیکن ہندو برادری اور ساؤتھ افریقن ہندو مہاسبھا نے جب قانونی کارروائی کا انتباہ دیا تو فیصلہ میں تبدیلی کی گئی۔ کیپ ٹاؤن کی میورل کمیٹی رکن برائے سیفٹی و سیکوریٹی جے پی اسمتھ نے واضح طور پر کہا ہیکہ آتش بازی کیلئے ہندوؤں کو ایک اسٹیڈیم میں جگہ مختص کی گئی ہے جہاں وہ آتش بازی کیلئے آزاد ہوں گے۔