کی اسکیم کی وجہ تلنگانہ میں جلد ہی ’کلین اسٹریٹ فوڈ ہبس‘ ہونگےFSSAI

   

حیدرآباد 2 فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ میں کباب سے بھجیوں تک کئی اقسام کے اسٹریٹ فوڈس دستیاب ہوتے ہیں جو یہاں کے لوگوں کے علاوہ دوسرے مقامات سے ریاست کو آنے والوں کے لئے بھی ذائقہ دار ہوتے ہیں۔ تاہم اسٹریٹ فوڈ کی سیفٹی اور ان کے صحت بخش ہونے کے بارے میں ہمیشہ تشویش ہوا کرتی ہے۔ اس طرح کے مسئلہ کو حل کرنے کے لئے نہ صرف تلنگانہ میں بلکہ پورے ملک میں اسٹریٹ فوڈ کو محفوظ اور صحت بخش بنانے کے لئے فوڈ سیفٹی اسٹینڈرڈس اتھاریٹی آف انڈیا (FSSAI) نے اس کی ’کلین اسٹریٹ فوڈ ہب‘ اسکیم کے ذریعہ اس میں مدد کرنے کے لئے تیار ہے۔ لیکن کیا تلنگانہ حکومت اس سلسلہ میں درکار اقدامات کرے گی؟ FSSAI نے اس ہفتہ تمام ریاستوں کے کمشنرس آف فوڈ سیفٹی اتھاریٹیز کو روانہ کئے گئے ایک مکتوب میں ان ریاستوں میں ’کلین اسٹریٹ فوڈ ہبس‘ کے قیام کے لئے اہم مقامات کی تفصیلات طلب کی ہیں۔ بڑی ریاستوں جیسے تلنگانہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اِن کے ہبس کے قیام کیلئے چار ہفتوں کے وقت میں پانچ تا دس مقامات کی نشاندہی کریں۔ اس اسکیم کے سلسلہ میں ان ہبس پر فوڈ وینڈرس کو ایف ایس ایس اے آئی کی جانب سے خصوصی طور پر بنائے جانے والے فوڈ کارٹس (بنڈیاں) فراہم کئے جائیں گے جس سے غذائی اشیاء کو صحت کے اُصولوں پر تیار کرنے اور اسٹور کرنے میں مدد ہوگی۔ نشاندہی کئے جانے والے ہر ہب میں اس طرح کے 15 تا 25 خصوصی طور پر بنائے جانے والے فوڈ کارٹس ہوں گے۔ اب تک ریاستی حکومت نے ’کلین اسٹریٹ فوڈ ہبس‘ قائم کرنے کے لئے ہائی ٹیک سٹی میں شلپارمم اور سدی پیٹ کی نشاندہی کی ہے۔ تلنگانہ فوڈ سیفٹی کے عہدیداروں نے یہ بات بتائی۔ اس طرح کے زیادہ ہبس قائم کرنے کا انحصار جی ایچ ایم سی اور دیگر بلدیات کی جانب سے اس سلسلہ میں لی جانے والی دلچسپی پر منحصر ہوگا۔ FSSAI نے چار اقسام کی ٹھیلہ بنڈیوں کے ڈیزائن بنائے ہیں جنھیں وینڈرس میں ان کی جانب سے فروخت کی جانے والی غذائی اشیاء کے لحاظ سے تقسیم کیا جائے گا۔ بشمول پرپیرڈ میل کارٹ (دوسہ، پاؤبھاجی) چاٹ کارٹ، بیوریج کارٹ اور سنگل ایٹم کارٹ۔ FSSAI کی جانب سے خصوصی ڈیزائن کے ان فوڈ کارٹس کی تیاری کے لئے ٹنڈرس جاری کئے جائیں گے۔