کے آر سریش ریڈی کی صدرنشین راجیہ سبھا سے الوداعی ملاقات

   

عوامی مسائل پیش کرنے میں تعاون پر اظہار تشکر
حیدرآباد ۔3 ۔ اپریل (سیاست نیوز) راجیہ سبھا میں بی آر ایس کے فلور لیڈر کے آر سریش ریڈی نے ساتھی ارکان کے ساتھ صدرنشین سی پی رادھا کرشنن سے ملاقات کی۔ کے آر سریش ریڈی کی راجیہ سبھی کی میعاد جاریہ ماہ ختم ہورہی ہے اور پارلیمنٹ کا بجٹ سیشن ان کا آخری اجلاس رہا۔ بجٹ سیشن کے اختتام کے بعد کے آر سریش ریڈی نے ڈپٹی لیڈر وی رامچندرا اور پارٹی وہپ دامودر راؤ کے ہمراہ نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن سے ملاقات کی جو راجیہ سبھا کے صدرنشین ہیں۔ سریش ریڈی نے نائب صدر جمہوریہ کو تہنیت پیش کی اور ایوان میں عوامی مسائل پیش کرنے میں تعاون پر اظہار تشکر کیا ۔ کے آر سریش ریڈی نے پارلیمنٹ سکریٹریٹ کے عہدیداروں سے بھی اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی سربراہ کے سی آر نے انہیں راجیہ سبھا میں تلنگانہ کے مسائل کو پیش کرنے کا موقع فراہم کیا اور انہوں نے حتی المقدور طور پر مسائل کو پیش کیا۔ سریش ریڈی نے پارٹی کے ڈپٹی لیڈر اور وہپ کے تعاون پر بھی شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے کہ بی آر ایس نے راجیہ سبھا کی دو نشستوں کے چناؤ میں حصہ نہیں لیا اور دونوں نشستوں پر کانگریس کے ابھیشک منو سنگھوی اور نریندر ریڈی منتخب ہوئے۔ سریش ریڈی کی صدرنشین راجیہ سبھا سے الوداعی ملاقات ہوئی۔1