کے ایم عارف الدین کو عزیز پاشاہ کا خراج

   

حیدرآباد :۔ سابق رکن راجیہ سبھا سید عزیز پاشاہ نے جناب کے ایم عارف الدین سکریٹری مدینہ گروپ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم سے ان کے دیرینہ روابط رہے ۔ کے ایم عارف الدین ہمیشہ تعلیم کے فروغ کے لیے کام کرتے رہے ۔ سیکولر اقدار کے تحفظ کے لیے وہ ایک جہدکار تھے ۔ اقلیتوں اور کمزور طبقات کے لیے انکی خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔ عزیز پاشاہ نے کہا کہ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف اپنے مرکز نامپلی پر مختلف جماعتوں کے جہدکاروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرتے رہے ۔ کے ایم عارف الدین کا تعلق سی پی آئی کی طلبہ تنظیم اور مختلف ٹریڈ یونینوں سے رہا ۔ تلنگانہ تحریک میں وہ سرگرم رہے ۔ کانگریس نظریات کو آگے بڑھانے میں بھی انہوں نے اپنی خدمات انجام دیں ۔ مسابقتی امتحانات میں اقلیتی طلبہ کو تیار کرنا اور بیوروکریسی میں جگہ دلانا ایک مشن رہا ۔ عزیز پاشاہ نے کہا کہ مجھ سے دیرینہ رفاقت رہی ۔ چند سلجھے ہوئے دوستوں میں ان کا شمار ہوتا تھا ۔ ان کے قائم کئے گئے اداروں میں بھی تعلیمی میدان میں پہچان بنائی ہے جہاں سے ہزاروں لڑکے لڑکیوں نے اپنے بہتر مستقبل کی جانب رواں دواں ہوئے جو کہ کے ایم عارف الدین کا کارنامہ ہے ۔ عزیز پاشاہ نے کہا کہ جناب عارف کا انتقال ان کا ذاتی نقصان ہے ۔ انہوں نے دعا مغفرت کے ساتھ متعلقین کو صبر جمیل کی دعا کی ۔ عزیز پاشاہ نے پسماندگان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔۔

جناب کے ایم عارف الدین کا انتقال ملت اسلامیہ کا عظیم نقصان
حیدرآباد : یونائٹیڈ مسلم فورم نے ماہر تعلیم وجہد کار جناب کے ایم عارف الدین کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی ملی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ یونائٹیڈ فورم کے صدر مولانا محمد رحیم الدین انصاری ، جنرل سکریٹری مولانا سید منیر الدین احمد مختار و دیگر ذمہ داروں نے کہا کہ مرحوم نے ملت کے نونہالوں کیلئے عصری تعلیم کے ساتھ دینی و اخلاقی اقدار سے آراستہ کرنے کا کامیاب تجربہ کر دکھایا ۔ ابتدائی تعلیم کے علاوہ اعلیٰ و پیشہ ورانہ تعلیم پر بھی توجہ دی ۔ ان کی ان کوششوں سے ہزاروں خاندان مستفید ہورہے ہیں ۔ شہریان حیدرآباد ایک فعال ، سنجیدہ ماہر تعلیم سے محروم ہوگئے ۔ ملت کی شعور بیداری کیلئے انہوں نے مختلف ذرائع ابلاغ کا بھی استعمال کیا ہے ۔ وہ اب ہم میں نہیں رہے لیکن ملت کے لئے ان کی خدمات و کوششیں یاد رکھی جائیں گی ۔ مرحوم کیلئے دعائے مغفرت کی گئی اور مرحوم کے لواحقین کیلئے صبر و جمیل کی دعا کی گئی ۔