کے بی آر پارک کے اطراف دو مراحل میں 826کروڑ سے ترقیاتی کاموں کو منظوری

   

فلائی اوورس اور انڈر پاس کی تعمیر، ٹریفک سگنل کے بغیر طویل مسافت طئے کرنے کی سہولت
حیدرآباد ۔4۔ اکتوبر (سیاست نیوز) محکمہ بلدی نظم و نسق نے جوبلی ہلز میں واقع کاسو برہمانند ریڈی پارک کے اطراف ٹریفک کو باقاعدہ بنانے کیلئے 826 کروڑ کی لاگت سے 6 جنکشنوں کی ترقی کا منصوبہ بنایا ہے۔ پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق دانا کشور نے جی او آر ٹی 471 کے تحت ترقیاتی منصوبہ کو منظوری دی ہے جس کے تحت سڑک کی توسیع کے علاوہ فلائی اوورس تعمیر کئے جائیں گے ۔ ٹریفک جام سے بچنے کیلئے فلائی اوورس کے علاوہ انڈر پاس کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ کے بی آر پارک کے اطراف ترقیاتی منصوبہ سے شہر کی ترقی میں نئے باب کا اضافہ ہوگا۔ شہر کے مختلف علاقوں سے مادھا پور ، ہائی ٹیک سٹی ، گچی باؤلی اور کونڈا پور جانے والے افراد کو ٹریفک سگنل کے بغیر ہی سفر کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ 6 جنکشنوں کی ترقی دو مرحلوں میں مکمل کی جائے گی ۔ کے بی آر پارک کے اطراف کے علاقوں کو سگنل سے نجات دلانے کیلئے یہ منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔ جی او کے مطابق مسرز ایم وینکٹ راؤ انفرا پراجکٹ پرائیوٹ لمٹیڈ سے معاہدہ کیا گیا۔ 421 کروڑ کے ذریعہ H-CITI کے تحت جوبلی ہلز چیک پوسٹ جنکشن ، کے بی آر پارک انٹرنس جنکشن اور مکدھا جنکشن کی ترقی کا پیکیج تیار کیا گیا جس کے تحت فلائی اوور اور انڈر پاس تعمیر کئے جائیں گے۔ دوسرے مرحلہ کے تحت 405 کروڑ سے روڈ نمبر 45 جنکشن، فلم نگر جنکشن ، مہاراجہ اگرسین جنکشن اور کینسر ہاسپٹل جنکشن پر فلائی اوور اور انڈر پاس تعمیر کئے جائیں گے۔ سابق میں دونوں مرحلوں کیلئے 586 کروڑ منظور کئے گئے تھے لیکن حکومت نے نظرثانی کرتے ہوئے جملہ 826 کروڑ کی منظوری دی ہے۔ کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کو پراجکٹس کی نگرانی کی ذمہ داری دی گئی ۔ کمپنی کو ٹنڈرس طلب کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ 1