کے بی آر پارک کے نیچے سے چار لائن پر مشتمل 6.30 کیلو میٹر سرنگ تعمیرکرنے کا منصوبہ

   

پارک کے جھاڑوں کو نقصان پہونچائے بغیر 100 فیٹ اندر سرنگ تعمیر کرنے کا جائزہ ، 5 ہزار کروڑ کا تخمینہ
حیدرآباد ۔ 14 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : شہر حیدرآباد میں ٹریفک مسائل کی یکسوئی اور ایک سیاحتی مرکز کو ترقی دینے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔ برہمانند ریڈی پارک ( کے بی آر پارک ) کے زیر زمین سرنگ تعمیر کرنے کی تجویز تیار کی گئی ہے ۔ اگر منصوبہ کامیاب ہوجاتا ہے تو یہ ملک کا دوسرا بڑا سرنگ ہوگا ۔ شہر کے چند علاقوں سے آئی ٹی کاریڈارس کو جوڑنے اور ٹریفک بہاؤ کو آسان بنانے اور سیاحوں کے لیے پرکشش بنانے درگم چیرو پر کیبل برج تعمیر کیا گیا ہے ۔ اس کے تسلسل میں ایک نئے پراجکٹ کو منظر عام پر لایا گیا ہے ۔ اس پراجکٹ کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے جی ایچ ایم سی نے حال ہی ٹنڈر نوٹیفیکیشن طلب کیا ہے ۔ پری بڈ اجلاس میں تین اداروں نے شرکت کی ہے ۔ تجربہ اور اہلیت کی بنیاد پر ان میں کسی ایک ادارہ کا انتخاب کیا جائے گا ۔ 2 مئی تک بیڈ داخل کرنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے ۔ جوبلی ہلز روڈ نمبر 45 سے کے بی آر پارک کے داخلہ تک 1.70 کیلو میٹر کے بی آر پارک کے باب الداخلہ سے این ایف سی ایل جنکشن تک 2 کیلو میٹر ، بنجارہ ہلز روڈ نمبر 12 سرنگ جوائننگ پوائنٹ 1.10 کیلو میٹر اپروچ روڈس 1.50 کیلو میٹر جملہ 6.30 کیلو میٹر تک سرنگ تعمیر کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔ ( چار قطاروں ہر طرف دو ) لائن سڑک تعمیر کرنے کی عہدیداروں نے تجویز تیار کی ہے ۔ اس کے لیے 5 ہزار کروڑ روپئے خرچ ہونے کا اندازہ لگایا گیا ہے ۔ فیز بیلٹی اسٹیڈی رپورٹ وصول ہونے کے بعد ہی حقیقی تخمینی لاگت کا اندازہ لگانا ممکن ہوجائے گا ۔ کے بی آر پارک کے جھاڑوں اور جانداروں کو نقصان پہونچائے بغیر 100 فیٹ اندر ( 30 میٹرس ) پر مشتمل سرنگ تعمیرکرنے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے ۔ ( ایس آر ڈی پی ) پراجکٹ کے پہلے مرحلے کے طور پر آئی ٹی کاریڈار ، کورسٹی کو مربوط کرتے ہوئے کے بی آر پارک کے اطراف پلوں کو تعمیر کرنے کے منصوبے تیار کئے گئے ہیں ۔۔ ن