کے سوریہ پرکاش ریڈی تلگودیشم میں شامل

   

چندرا بابو نائیڈو کی موجودگی میں اعلان ، حلقہ کرنول سے مقابلہ متوقع
امراوتی ۔ /2 مارچ (پی ٹی آئی) آندھراپردیش میں لوک اور ریاستی اسمبلی انتخابات سے قبل کانگریس کے سابق لیڈر کوٹلہ سوریہ پرکاش ریڈی آج اپنے آبائی ضلع کرنول میں بالآخر تلگودیشم میں شامل ہوگئے ۔ جس کے ساتھ ہی ان کے سیاسی اقدام پر جاری قیاس آرائیاں ختم ہوگئیں ۔ چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے سابق مرکزی وزیر کے سوریہ پرکاش ریڈی کو کرنول میں منعقدہ ایک تقریب میں تلگودیشم پارٹی میں شامل کرلیا ۔ سوریہ پرکاش کی شریک حیات اور سابق رکن اسمبلی کوٹلہ سجاتماں اور فرزند راگھویندرا ریڈی بھی تلگودیشم میں شامل ہوگیا ۔ سوریہ پرکاش راؤ ماضی میں دو مرتبہ لوک سبھا میں حلقہ کرنول کی نمائندگی کرچکے ہیں اور توقع ہے کہ آئندہ انتخابات میں اس حلقہ سے امیدوار ہوں گے ۔ وہ کانگریس کے سینئر اور بااثر لیڈر آنجہانی کے وجئے بھاسکر ریڈی کے فرزند ہیں ۔ آنجہانی اندرا گاندھی کے دور اور مابعد بھی وجئے بھاسکر ریڈی مرکزی وزارت میں شامل رہے اور دو مرتبہ متحدہ آندھراپردیش کے چیف منسٹر رہے تھے ۔ سوریہ پرکاش حال ہی میں کانگریس چھوڑچکے تھے اور چندرا بابو سے ان کی رہائش میں ڈنر پر ملاقات کی تھی ۔ اپریل اور مئی میں لوک سبھا کے ساتھ کم سے کم آندھراپردیش ، اروناچل پردیش ، سکم اور اڈیشہ میں اسمبلی انتخابات منعقد ہوگے ۔