کمیشن کیلئے کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر، عوامی مسائل نظر انداز
حیدرآباد۔/30 مئی، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے کے سی آر پر تغلق طرزِ حکمرانی کا الزام عائد کیا اور کہا کہ حکومت کے پاس اپوزیشن اور مجالس مقامی کے اداروں کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ کانگریس کے مجالس مقامی عوامی نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کے سی آر حکومت مجالس مقامی کو نظرانداز کرچکی ہے اسے مقامی سطح پر عوامی مسائل کی یکسوئی سے کوئی دلچسپی نہیں صرف تشہیر پر مبنی اسکیمات کا آغاز کے سی آر کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کسانوں اور دیگر شعبہ جات کے ساتھ کئے گئے وعدوں کا ذکر کیا اور کہا کہ حکومت گذشتہ 6 برسوں میں ایک بھی وعدہ کی تکمیل نہ کرسکی۔ کسانوں کیلئے ایک لاکھ روپئے تک قرض معافی کا اعلان کیا گیا تھا لیکن آج تک بھی کسان قرض معافی کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر سے متعلق کے سی آر کے دعوے کھوکھلے ہیں۔ کانگریس دور حکومت میں تمام اہم آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر کا کام مکمل کیا گیا تھا اور کئی زیر التواء تھے۔ ٹی آر ایس برسر اقتدار آنے کے بعد زیر التواء پراجکٹس کے کاموں کو نظرانداز کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کے حصول کیلئے کے سی آر نے نئے آبپاشی پراجکٹس کا کام شروع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وعدوں کی تکمیل کے بغیر کسانوں کیلئے خوشخبری کا اعلان مضحکہ خیز ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ نظام دور حکومت میں تعمیر کئے گئے پراجکٹس آج بھی تلنگانہ کی زرعی اور پانی کی ضرورتوں کی تکمیل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کیلئے ایک لاکھ کروڑ سے کالیشورم پراجکٹ تعمیر کیا گیا۔ انہوں نے مجالس مقامی کے عوامی نمائندوں کو مشورہ دیا کہ وہ مقامی مسائل کی بنیاد پر اپنی جدوجہد تیز کریں۔ لاک ڈاؤن سے پریشان ہال خاندانوں کی مدد کیلئے کانگریس قائدین اور کارکنوں کو آگے آنا چاہیئے۔