کے سی آر ، ملک کو مثالی نظام فراہم کرنے کوشاں

   

ضلع پداپلی میں مختلف ترقیاتی پروگراموں سے وزیر کے ایشور کا خطاب

پداپلی۔23نومبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ریاستی وزیر برائے محکمہ بہبود کپولاایشورنے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے سی آر کی زیرقیادت متعارف کردہ پلّے پرگتی پروگرام کی وجہ سے مواضعات ترقی کی راہ پر گامزن ہیں۔ دھرمارم منڈل کے چند مواضعات کا بروز منگل ریاستی وزیر بہبود نے دورہ کیا اور سائنّا پیٹ موضع میں 16 لاکھ کے مصارف سے تعمیر کئے جانے والے نئے مدرسہ کی عمارت کا انھوں نے سنگ بنیاد رکھا۔ بعد ازاں بومّا ریڈی پلّی موضع کا دورہ کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا اور دیگر ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ بومّا ریڈی پلّی موضع میں تقریباً ایک کروڑ 63 لاکھ کے مصارف سے تیار کئے جانے والے سی سی روڈ اور کمیونٹی عمارتوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ بعد ازاں وزیر موصوف نے بوٹلا ونپرتی موضع میں ایس سی کارپوریشن کے زیر اہتمام مفت سلائی مشن کی تربیت حاصل کرنے والے 52 مستحقین میں مفت سلائی مشینوں اور اسنادات کی تقسیم عمل میں لائی، اس موضع کے ایس سی کالونی میں 40لاکھ کے مصارف سے تعمیر کئے جانے والی سی سی روڈ کے تعمیراتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر وزیر بہبود نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیر اعلیٰ کے سی آر ملک کو ایک مثالی فلاحی نظام فراہم کر رہے ہیں۔ تلنگانہ واحد ریاست ہے جو آسرا پنشن، کلیانہ لکشمی، شادی مبارک، رعیتو بندھو، رعیتو بیما، دلت بندھو، کے سی آر کٹ اور 24 گھنٹے مفت بجلی فراہم کررہی ہے لیکن مرکزی حکومت کی جانب سے متعارف کردہ پالسیوں کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ گیس سلنڈر کی قیمتوں میں اضافہ، پٹرول ، ڈیزل پر مرکزی ٹیکس میں اضافہ، غذائی اشیاء، دودھ پر جی ایس ٹی کے نفاذ کی وجہ سے عوام مہنگائی سے پریشان حال ہے، عوام کی قوت خرید میں کمی واقع ہوئی ہے۔ عوام دوست ماحول کو تقویت دیتے ہوئے مرکزی حکومت کو اپنی پالیسیاں تبدیل کرنے کی وزیر بہبود نے ہدایت دی۔