کے سی آر آج کالیشورم کمیشن کے سامنے حاضر ہوں گے

   

پارٹی قائدین اور کارکنوں کو بھاری تعداد میں جمع ہونے کی ہدایت
حیدرآباد۔ 10 جون (سیاست نیوز) سابق چیف منسٹر کے سی آر 11 جون کو کالیشورم کمیشن کے روبرو حاضر ہوں گے۔ پارٹی کی جانب سے طاقت کا مظاہرہ کرنے کیلئے کارکنوں کو بھاری تعداد میں شرکت کی اپیل کی۔ آج پھر ایک مرتبہ ہریش راؤ نے فارم ہاؤز پہنچ کر کے سی آر سے ملاقات کی اور 11 جون کی حکمت عملی پر غور کیا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق کے سی آر نے ہریش راؤ سے پوچھا کہ تم سے کیا سوالات کئے گئے، اور تم نے ان کا کیا جواب دیا۔ مجھے کیا جواب دینے چاہئے۔ واضح رہے کہ ابھی تک بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ایٹالہ راجندر اور بی آر ایس کے رکن اسمبلی ہریش راؤ سے کالیشورم کمیشن نے پوچھ تاچھ کرلی ہے۔ بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر چہارشنبہ کو بی آر کے بھون پہنچیں گے جہاں کمیشن کا دفتر موجود ہے۔ پارٹی کی جانب سے بی آر ایس کے کارکنوں کو بھاری تعداد میں پہنچنے کی ہدایت دے دی گئی ہے۔ پارٹی کے تمام ارکان اسمبلی نے اہم قائدین کے سی آر کے ساتھ کمیشن کے دفتر پہنچیں گے۔ بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر اس معاملے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اضلاع حیدرآباد، رنگاریڈی کے علاوہ اطراف و اکناف کے پارٹی کے اہم قائدین سے فون پر بات چیت بھی کی ہے اور بھاری تعداد میں کارکنوں کو پہونچنے کی ہدایت دی ہے۔ کے سی آر کمیشن کے سامنے حاضر ہونے سے قبل کالیشورم پراجیکٹ کی تعمیری رپورٹس کا جائزہ لے رہے ہیں۔ مہاراشٹرا حکومت، مرکزی حکومت اور سنٹرل واٹر کمیشن کے علاوہ دیگر عہدیداروں سے کی گئی بات چیت اور تیار کئے گئے دستاویزی ثبوت بھی اپنے ساتھ لے جارہے ہیں۔ کالیشورم پراجیکٹ کے ڈیزائن کی تبدیلی، پراجیکٹ کے مقام کی تبدیلی، کالیشورم کارپوریشن کا قیام کے علاوہ دیگر اُمور پر تفصیلی ثبوت پیش کریں گے۔2