کے سی آر اب بھی چیف منسٹر تلنگانہ برقرار!

   

پہلی تا دسویں تلگو درسی کتب میں غلطی ‘ کتب واپس لی جائیں گی
حیدرآباد۔13۔جون(سیاست نیوز) حکومت کی جانب سے اسکولوں میں تقسیم کی گئی پہلی تا دسویں جماعت کی تلگو کی درسی کتب واپس طلب کی جائیں گی! محکمہ تعلیم کی جانب سے سرکاری اسکولوں میں مفت تقسیم کی گئی تلگو کی نصابی کتاب میں اب بھی سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو بطور چیف منسٹر پیش کیا گیا ہے جس کے نتیجہ میں حکومت نے ان کتب کو واپس لیتے ہوئے تبدیل کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔ حکومت نے گذشتہ یوم اسکولوں کی کشادگی کے ساتھ ہی سرکاری اسکولوں کے طلبہ میں یونیفارم اور درسی کتب کی تقسیم عمل میں لائی اور بعض مقامات پر تلگو درسی کتب میں چیف منسٹر کی جگہ کے چندر شیکھر راؤ کا نام ہونے کے سبب انتظامیہ کی جانب سے ان اوراخ کو نکال کر کتب کی تقسیم عمل میں لائی گئی تھی لیکن آج جب تمام اسکولوں میں اس بات کا جائزہ لیا گیا تو یہ بات سامنے آئی ہے کہ تمام نصابی کتب میں چندر شیکھر راؤ کو بہ حیثیت چیف منسٹر پیش کیاگیا اسی لئے تلگو کی تمام کتابیں واپس لینے اعلیٰ عہدیداروں سے مشاورت شروع کردی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق تلگو کتب کی اشاعت سے قبل اس غلطی کا جائزہ نہ لئے جانے پر اعلیٰ عہدیداروں نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور حکومت کے علم میں لائے جانے کے بعد اس غلطی کی اصلاح کیلئے اقدامات پر ناراضگی کا اظہار کیا جا رہاہے۔ عہدیداروں کے مطابق تلگو کتب میں چندر شیکھر راؤ کے نام کی بنیادی وجہ سال گذشتہ شائع کی گئی کتب ہوسکتی ہیں اسی لئے اس معاملہ کی تحقیقات کے بغیرکسی کو مورد الزام نہیں ٹھہرایا جاسکتا ہے ۔ سرکاری احکام کے بعد ان تلگو کتب کو واپس لینے کے متعلق قطعی فیصلہ کیاجائے گا۔3