کے سی آر اترپردیش کے دورہ کیلئے تیار

   

کسانوں کی مدد سے بڑے جلسہ عام کا منصوبہ
حیدرآباد ۔یکم ستمبر (سیاست نیوز) بہار کے کامیاب دورہ کے بعد چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اترپردیش کے دورہ کا منصوبہ بنارہے ہیں۔ بی جے پی پر حملوں کو تیز کرنے کیلئے کے سی آر مضبوط گڑھ اترپردیش میں بڑ ے جلسہ عام کی تیاری کر رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کسان تنظیموں اور اترپردیش کی اہم اپوزیشن سماج وادی پارٹی کے تعاون سے ایک لاکھ افراد کی شرکت کے ساتھ جلسہ عام میں خطاب کا منصوبہ ہے ۔ اترپردیش کے دورہ کے بارے میں عنقریب اعلان کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ ہفتہ کو کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے اجلاس میں مشاورت کے بعد اترپردیش دورہ کا اعلان کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق بہار سے دورہ سے واپسی کے بعد کے سی آر نے قریبی رفقاء سے بات چیت کی ۔ ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی کو نشانہ بنانے کیلئے بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں کا دورہ ضروری ہے۔ کسان مرکزی حکومت کی پالیسیوں سے ناراض ہیں۔ گزشتہ ہفتہ ملک کی 26 ریاستوں سے تعلق رکھنے والے کسان تنظیموں کے قائدین نے حیدرآباد کا دورہ کیا تھا ۔ کے سی آر کسان تنظیموں کی مدد سے اترپردیش میں جلسہ عام کا منصوبہ رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کسان تنظیموں نے انہیں دورہ اترپردیش کی دعوت دی ہے ۔ کسانوں کے احتجاج میں فوت ہونے والے اترپردیش کے کسانوں کے پسماندگان کی مدد کرنے کا منصوبہ ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ اترپردیش کے علاوہ کونسی دیگر ریاستوں کا کے سی آر دورہ کریں گے۔ر