کے سی آر ‘ انتخابات کے بعد پرجا دربار منعقد کرینگے

   

حیدرآباد۔2اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ ریاست کے عوامی مسائل کے حل کیلئے عام انتخابات کے بعد ’پرجا دربار‘ شروع کرینگے اور اس کے ذریعہ عوام سے راست مسائل سے واقفیت اور حل کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ کے سی آر نے ورنگل جلسہ سے خطاب میں یہ بات کہی ۔ انہو ںنے بتایا کہ تلنگانہ میں عوام کے مسائل کے حل کے علاوہ اراضیات سے متعلق معاملات کی یکسوئی کیلئے نمائندگیاں وصول کرکے انہیں حل کرنے کے اقدامات کئے جائینگے۔انہو ںنے کہا کہ عدالت میں زیر دوراں اراض معاملتوںکے سوا مابقی تمام مسائل کو حل کرنے پرجا دربار کے ذریعہ اقدامات کئے جائیں گے۔ پرجا دربار کے انعقاد کے اعلان کا پارٹی قائدین کے علاوہ عوام کی جانب سے خیر مقدم کیا جا رہاہے کیونکہ گذشتہ 5برسوں کے دوران چیف منسٹر سے ملاقات عوام کیلئے نہیں بلکہ وزراء اور منتخبہ عوامی نمائندوں کیلئے بھی مسئلہ ہے اور یہ شکایت عام رہی ہے کہ چیف منسٹر سے ملاقات کیلئے وقت ملنا بے انتہا مشکل ہے۔